فلاحی امور پر توجہ دینے سے معاشرہ خوشحال اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکتا ہے٬ وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کا تقریب سے خطاب

جمعہ 21 اکتوبر 2016 16:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فلاحی امور پر توجہ دینے سے معاشرہ خوشحال اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکتا ہے ۔انہوں نے یہ بات ملک کی ممتاز سماجی شخصیت اور ماہر تعمیرات محمود الحق علوی کی برسی کے موقع پر محفل قرآن خوانی کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آنحضور نبی اکرم نے معاشرے کی فلاح کرنے والے لوگوں کو جنت کی بشارت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو مہنگائی غربت ٬بیماری ایسے خوفناک مسائل کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا محمود الحق علوی نے اپنی تمام زندگی معاشرتی فلاح کیلئے بسر کی ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں اپنی آمدنی کا ایک خطیر حصہ فلاحی کاموں پر مختص کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے علی ٹرسٹ ٬ علی انجینیئرنگ کالج ٬ اور بیسیوں کالج اور سکول قائم کروائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ انکی اولاد بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر فلاحی امور میں مصروف ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ محمود الحق علوی کے فلاحی اقداما ت کا دائرہ پورے ملک پر محیط تھا ۔وہ فل حی امور میں نمود ونمائش کے قائل نہیں تھے اور معاشرتی بھلائی کے امور خاموشی سے سرانجام پہنچاتے تھے ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں پانچ کالج اڑسٹھ سکول تعمیر کروائے اور اسی طرح 41مساجد اور متعدد یتیم خانے تعمیر کروائے ۔

ممتاز سکالر ڈاکٹرغضنفر مہدی نے کہا کہ محمود الحق علوی اتحاد امت کے امین تھے ۔وہ فرقہ واریت اور انتہاپسندی کیخلاف تھے صاحبزادہ بدرعالم جان نے کہا کہ محمود الحق علوی اولیائے کرام سے خصوصی عقیدت رکھتے تھے ۔ان کا آبائی تعلق پاک پتن شریف سے تھااس لیئے بابا فرید گنج شکر کی خانقاہ پر انہوں نے جامع مسجد کی تعمیر کروائی محمود الحق علوی کے بڑے صاحبزاے عرفان الحق علوی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :