سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس

حکومت چاہتی ہے کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے ٬ْ فاٹا میں ٹیلی کام کی سہولیات میسر آنے سے وہاں کے لوگ نئے دور میں داخل ہو جائیں گے ٬ْسینیٹرتاج آفریدی یو ایس ایف کا بنیادی کام ملک کے دور دراز علاقوں میں ٹیلی کام سروس پہنچانا ہے ٬ْ فیصل ستار

جمعہ 21 اکتوبر 2016 15:31

پشاور۔21اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس جمعہ کو فاٹا سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین سینیٹر تاج آفریدی نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سینیٹر شبلی فراز اور غوث محمد خان کے علاوہ وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری محمد آفتاب اور یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے چیف ایگزیکٹو فیصل ستار ٬ْاسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ باجوڑ ایجنسی محمد علی ٬ْ اے پی اے مہمند ایجنسی عبداللہ شاہ ٬ْاسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ اورکزئی ایجنسی سمیت فاٹا سیکرٹریٹ کی طرف سے سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر عطاء الرحمن نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس کا ایجنڈا فاٹا اور بلوچستان کے دوردراز علاقوں ٬جہاں پر 3جی اور 4جی سمیت کسی بھی قسم کی موبائل سروس موجود نہیں٬ پر یہ سروس فراہم کرنے کے حوالے سے جائزہ لینا تھا تاکہ مذکورہ علاقوں میں ٹیلی کام سروس پہنچانے میں یونیورسل سروس فنڈ ( یو ایس ایف )کو جو مشکلات درپیش ہیں ان کو حل کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جا سکیں ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹرتاج آفریدی نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے ٬ْ انہوں نے کہا کہ ماضی میں فاٹا میں بدامنی کی وجہ سے کمیونیکیشن کی سہولیات میسر نہیں تھیں تاہم وہاں پر یہ سہولیات پہنچنے سے فاٹا کے عوام ایک نئے دور میں داخل ہوں گے ٬ْ انہوں نے کہا کہ دس سال پہلے یہ کام ہونا چاہئے تھا مگر وہاں پردہشت گردی کی وجہ سے یہ کام نہیں ہو سکا تاہم اب اس حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے فاٹا کے ارکان پارلیمان اور پولٹیکل ایجنٹس پر زوردیا کہ وہ اس سلسلے میں تعاون کریں تاکہ یو ایس ایف کو سروے اور لانچنگ سمیت دیگر کاموں میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمیٹی مانیٹرنگ بھی کرے گی تاکہ یو ایس ایف کو مستقبل میں ان علاقوں میں مسائل کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے علاقوں میں اس حوالے سے الیون کور سے این او سی لیا گیا ہے اور جو علاقے کلیئر ہیں اور وہاں پر آئی ڈی پیز کی واپسی ممکن ہوئی ہے وہاں پر اس پر کام شروع کیا جائے تاکہ فاٹا کے لوگ جلد سے جلد مستفید ہو سکیں۔

یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے چیف ایگزیکٹو فیصل ستار نے کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ آئی ٹی کا ذیلی ادارہ ہے ٬ بنیادی طور پر یہ ادارہ ملک کے ان دور دراز علاقوں میں کام کرتاہے جہاں پر ٹیلی کام کی سہولیات میسر نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے فاٹا کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں خیبر ٬ْ نارتھ وزیرستان ٬ْ سائوتھ وزیرستان اور اورکزئی ا یجنسی شامل ہیں۔

انہوں نے فاٹا کے عمائدین ٬ْ پولٹیکل ایجنٹس ٬ْ پارلیمنٹیرینز اور دیگر متعلقہ اداروں سے سروے میں مدد اور سیکورٹی کے حوالے سے تعاون کرنے کی بھی اپیل کی۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ فاٹا سیکرٹریٹ یو ایس ایف کو سہولیات فراہم کرے تاکہ فاٹا کے لوگوں کو بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ٹیلی کام کی سہولیات سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے اور یہ کام مقررہ وقت میں مکمل ہو سکے۔

ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی آفتاب احمد نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فاٹا کے لوگوں کو ٹیلی کام کی خدمات دستیاب ہو تاکہ وہ بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ٬ اس سلسلے میں مقامی لوگوں کا تعاون ہونا چاہئے ٬ْ انہوں نے کہاکہ سروس آبادی کے مطابق فراہم کی جائے گی اور پھر وہاں ٹاور لگائے جائیں گے ۔ سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا عطاء الرحمن نے کہا کہ ہر چیز کی ترقی کا دارومدارکمیونیکیشن ہے ٬ْ انہوں نے یقین دلایا کہ فاٹا سیکرٹریٹ اس مد میں بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا اور فاٹا کے تمام علاقوں میں یو ایس ایف کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سروے میں تاخیر ان ایجنسیوں میں آپریشن کی وجہ سے ہوئی تاہم اب وہاں پر حالات بہتر ہیں اور جولوگ آپریشن کے دوران وہاں سے آئے تھے اب وہاں دوبارہ منتقل ہو رہے ہیں اور جن علاقوں میں لوگ منتقل ہو گئے ہیں وہاں پر سروے جلد سے جلد شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر اے پی ایز باجوڑ ایجنسی اور مہمند ایجنسی محمد علی اور عبداللہ شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ ان کے علاقے اس حوالے سے بالکل کلیئر ہیں اور جب بھی یو ایس ایف وہاں پر کام کرنا چاہتی ہے تو اس کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :