مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو پرعالمی برادری کی مکمل خاموشی انسانی حقوق اور شخصی آزادی کے علمبرداروں کے حقیقی روپ سے پردہ چاک کر رہی ہے‘ ہندوستان کی فورسز نے مکمل کرفیو نافذ کر رکھا ہے لوگوں کو آزادنہ زندگی جینے کی اجازت نہیں

آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے رہنماء اعجاز رحمانی کا بیان

جمعہ 21 اکتوبر 2016 15:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے مرکزی وائس چیئرمین و آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے رہنماسید اعجاز رحمانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو سو روز سے زائد گزر چکے ٬ عالمی برادری کی جانب سے مکمل خاموشی انسانی حقوق اور شخصی آزادی کے علمبرداروں کے حقیقی روپ سے پردہ چاک کر رہی ہے ۔

ہندوستان کی فورسز نے مکمل کرفیو نافذ کر رکھا ہے لوگوں کو آزادنہ زندگی جینے کی اجازت نہیں ۔ معصوم شہریوں کو گرفتار کر کے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جن کی تعداد ہزاروں میں ہے ۔ ہندوستان کی فورسز نے سیکڑوں شہریوں پر بدترین اور سفاکیت کی انتہاء کرتے ہوئے پیلٹ گنز کا استعمال کر کے انہیں بینائی سے محروم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔

بھارتی فورسز ریاستی دہشت گردی کی انتہاء کر چکے ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف عالمی طاقتیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پرکیوں خاموش ہیں ۔ عالمی برادری کا ان سارے حالات کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار افسوسناک اور باعث تشویش ہے ۔انڈین فورسز حریت قائدین کو گرفتار اور نظر بند کر کے انہیں ذہنی ٹارچر کر رہی ہے۔ میر واعظ عمر فاروق ٬ سید علی گیلانی ٬ جموں کشمیر پیپلز لیگ کے چئیرمین مختار وازہ٬ یاسین ملک ٬ محترمہ آسیہ اندرابی ٬ شبیر احمد شاہ اور دیگر کی گرفتاری و تشدد کی مذمت کرتے ہیں ۔

کشمیری تمام تر جبر ٬ تشدد اور مظالم کے باوجود اپنی تحریک حق خود ارادیت کو جاری رکھیں گے ۔ ہم اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کے حل کے لیے ہر سطح پر جدو جہد کریں گے ۔ان خیالات کااظہار جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے مرکزی وائس چیئرمین و آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے رہنماء سید اعجاز رحمانی نے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اپنا ہر حربہ آزما لے اس کے عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے اور نہ ہی تحریک آزادی کشمیر کو دبایا جا سکے گا۔ کشمیری آزادی کی خاطر لاکھوں جانیں قربان کر چکے ہیں اور انشااللہ اس تحریک کو امنزل کے حصول تک جاری رکھیں گے ۔ پاکستان نے عالمی فورزم ٬ سفارتی اور قومی محاذ پر مسئلہ کشمیر کے لیے جاندار مؤقف اپنایا ہے جو کہ کشمیریوں کے لیے مشکل کی گھڑی میں حوصلہ کا پیغام ہے ۔

عالمی برادری کی توجہ کشمیر سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے عالمی اداروں اور برادری کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ معصوم شہریوں کی جانوں کو بچایا جا سکے اور بھارتی فورسز کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں سے باز رکھا جائے ۔ کشمیری اپنے پیدائشی حق خود ارادیت کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں اور اس منزل کے حصول کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ بھی پیش کر چکے ہیں ۔