نوجوان ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں٬ انہیں اپنی صلاحیتیں تعلیم کے حصول پر صرف کرنی چاہئیں٬ وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:38

کراچی ۔ اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں٬ انہیں اپنی صلاحیتیں تعلیم کے حصول پر صرف کرنی چاہئیں٬ سندھ میں تعلیم کے فروغ کے لئے کراچی یونیورسٹی کا کردار نمایاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز التمش انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ التمش انسٹیٹیوٹ گزشتہ 16 سال سے میڈیکل کی تعلیم میں مصروف عمل ہے مجھے امید ہے کہ یہ ادارہ تعلیم کے فروغ کے لئے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں التمش کے پرنسپل سے کہوں گا کہ وہ منہ کے کینسر کی آگاہی کے لئے مہم شروع کریں کیونکہ یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مرض کے پھیلنے کی بنیادی وجہ گٹکے٬ چھالیہ اور تمباکو کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔

انہوں نے کہا کہ چئیرمین ہائر ایجوکیشن سندھ کی پوسٹ کے معاملہ کو غور سے دیکھ رہا ہوں جلد اس کا کوئی حل نکال لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور جو کام کئے جا رہے ہیں وہ عوام دیکھ رہی ہے۔ اس موقع پر التمش انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن کے پرنسپل محمد التمش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا انسٹی ٹیوٹ بی ڈی ایس پروگرام کے ساتھ پوسٹ گریجویٹ پروگرام بھی کامیابی کے ساتھ چلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کا بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی الحاق ہے اور پی ایچ ڈی پروگرام سوئیڈن کے کیرولنسکا انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ تقریب میں کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے 140 طالب علموں میں ڈگریاں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :