لاہورہائیکورٹ نے تاجروں کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کی سہولت دینے کے خلاف درخواست پر وفاق کو 17 نومبر کیلئے نوٹس جاری

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2016ء)لاہورہائیکورٹ نے تاجروں کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت دس سال انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کی سہولت دینے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو 17 نومبر کیلئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مسٹر جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں درخواست گزار شیراز ذکاء کی جانب سے دائر درخواست میں تاجروں کیلئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو چیلنج کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا گیاہے کہ انکم ٹیکس ایکٹ میں ترمیم کرکے تاجروں کو دس سال کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے سے چھوٹ دی گئی ہی. درخواست میں بتایا گیا کہ تاجروں کو دس سال کی دولت ٹیکس کی تفصیلات ظاہر کرنے سے بھی استثنی دیاگیا ہے۔

صرف تاجروں کو ٹیکس سے استثنی دینا امتیازی سلوک ہے اور حکومت کا یہ اقدام غیر آئینی و قانونی ہے۔لہذا ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت صرف تاجروں کو استثنی دینے کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔ (بخت گیر)