پاکستان سمیت ون بیلٹ ون روڈ ممالک کے ساتھ چین کے تجارتی حجم میں غیر معمولی اضافہ

چین کی پاکستان کے ساتھ رواں سال تجارت 14.9فیصدرہی٬چائنہ نیشنل بیورو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:14

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) چائنہ نیشنل بیورو نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت ون بیلٹ ون روڈ منسلک ممالک کے ساتھ چین کے تجارتی حجم میں حالیہ مہینوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ چائنہ نیشنل بیورو کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ عالمی معیشت سست روی کا شکار ہے تاہم چین کی ون بیلٹ ون روڈ ممالک کیساتھ تجارت میں روزبروز غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے ۔

چین کے مجموعی تجارتی حجم میں تھوڑی سی کمی کے باوجود چین کی ون بیلٹ ون روڈ سے منسلک ممالک کے ساتھ درآمدات اور برآمدات رواں سال غیر معمولی طور پر قابل ذکر رہی ہیں ۔ چین کی پاکستان ٬روس ٬ پولینڈ ٬ بنگلہ دیش اور بھارت کے ساتھ برآمدات میں 14.9فیصد٬14فیصد٬11.7فیصد٬9.6فیصد اور7.8فیصد بالترتیب اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

چین نے مذکورہ ممالک سے لوہا٬ خام تیل ٬ کوئلہ اور دیگر مصنوعات بھی بڑی تعداد میں درآمد کیں ۔

پاکستان کے انفراسٹرکچر کے شعبہ میں تیزی سے سرمایہ کاری جاری ہے ۔پاک چین اقتصادی راہداری کو ون بیلٹ ون روڈ کا علمبردار منصوبہ قرار دیا گیا ہے ۔اقتصادی راہداری کا مرکز گوادر بندرگاہ ہے جبکہ اس کے تحت ٹرانسپوٹیشن ٬ انفراسٹرکچر٬ توانائی اور صنعتی شعبے میں کثیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے ۔پاکستانی وزیراعظم نوازشریف بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ اقتصادی راہداری پورے خطے کے لئے ایک تحفہ ہے جس سے چین ٬جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے تین ارب سے زائد لوگ مستفید ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :