حکومت کشمیریوں کی اخلاقی ‘ سفارتی اور سیاسی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گی‘ بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے ٬مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیریوں کے آزادی کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی‘ بھارتی افواج گولیاں برسا رہی ہے اور کشمیری جھیل رہے ہیں

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف کا تحریک آزادی کشمیر٬ استحکام پاکستان ریلی سے خطاب

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت کشمیریوں کی اخلاقی ‘ سفارتی اور سیاسی ہر سطح پر حمایت کرتی رہے گی‘ بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے ‘ مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیریوں کے آزادی کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی‘ بھارتی افواج گولیاں برسا رہی ہے جبکہ کشمیری انہیں جھیل رہے ہیں۔

وہ جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب کے باہر مجلس علماء کشمیر کے زیر اہتمام تحریک آزادی کشمیر استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے معاملے پر واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے جبکہ نریندر مودی نے کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر شیلنگ شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔ کشمیریوں کو اقوام متحد کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق ملنا چاہیے۔ اس موقع پر جے یو آئی (ف) آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے کہاکہ جب ظلم بڑھتا ہے تو مٹ کر رہتا ہے ۔ برہان الدین وانی کی شہادت نے کشمیریوں میں نیا جذبہ پیدا کر دیا ہے۔ مجلس علماء کشمیر کے قائد مولانا قاضی محمد شبیر کشمیری نے کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے اور کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔

حریت رہنما ظفر شاہ نے کہا کہ کشمیر کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور ہزاروں افراد جیلوں میں بند ہیں۔ کشمیر کی آزادی کیلئے کوئی ٹھوس قدم اٹھانا ہو گا۔ اس موقع پر مولانا فاروق کشمیری ‘ مولانا عمران ہزاروی ‘ حریت رہنما یوسف نسیم اور مولانا عبدالوحید قاسمی نے بھی خطاب کیا۔ …(رانا+ع ا)

متعلقہ عنوان :