وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے بیلاروس کے سفیر مسٹر اینڈری جی ارمولووچ کی ملاقات‘ بیلاروس کا بلوچستان میں مختلف شعبوںمیں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار‘ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور دو طرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 20 اکتوبر 2016 21:47

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) بیلاروس نے بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ٬مائننگ اور زراعت کے شعبوںمیں استعمال ہونے والی بھاری مشینری کی تیاری میں حکومت بلوچستان کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی اور صوبے میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے٬ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور بیلاروس کے سفیر مسٹر اینڈری جی ارمولووچ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور دو طرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد دا$د بڑیچ بھی اس موقع پرموجود تھے٬ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ریکوڈک سمیت اپنے تمام وسائل کی ترقی اور انہیں صاف و شفاف طریقے سے عوام کی بھلائی کے لیے بروئے کار لانا چاہتے ہیں اور اس مقصد کی تکمیل کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور دوست ممالک کے تعاون کا خیرمقدم کرینگے٬ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس سونا٬ کاپر٬ آئرن اور ماربل سمیت بہترین قیمتی معدنیات کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں٬ سرمایہ کار ان شعبوں میں منافع بخش سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر مستقبل کا شہر ہے جو صنعت و تجارت کا مرکز بننے جا رہا ہے اور سی پیک منصوبے کی بنیاد ہے٬ انہوں نے بیلاروس کی بھاری مشینری کی صنعت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے دشوار گزار علاقوں ٬زرعی اور معدنی شعبوں میں ہمیں بھاری مشینری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بیلاروس ٹریکٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بلوچستان میں انتہائی مقبول ہے اور اس کا بہت زیادہ استعمال ہے٬ بیلا روس کے سفیر نے بلوچستان میں جوائنٹ وینچر کے تحت بھاری مشینری کی تیاری کے منصوبے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے وہ اپنی سفارشات اپنی حکومت کو پیش کرینگے۔

انہوں نے بلوچستان کی سمندری اور زرعی پیداوار ٬ ماربل سمیت دیگر معدنی ذخائر میں دلچسپی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ان اشیاء کی درآمد کے لیے اقدامات کا جائزہ لے گا٬ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک میں 2020 تک تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھانے اور علاقائی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صوبہ بریسٹ کے گورنر سرمایہ کاروں اور تاجروںکے وفد کے ہمراہ جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے٬ انہوں نے سی پیک منصوبے کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے لیے بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ضمن میں بیلاروس بلوچستان میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹرقائم کرے گا۔ انہوںنے وزیراعلیٰ کو بلوچستان کے پارلیمنٹرین اور تاجروں کے گروپ کے ہمراہ بیلاروس کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ جلد اپنے گروپ کے ہمراہ بیلاروس کا دورہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :