وزیرخوراک سندھ نثار احمدکھوڑو پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نامزد

سید قائم علی شاہ اور نثار احمد کھوڑو میرے استاد ہیں ٬ان کی سربراہی میں صوبے کے عوام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے٬ وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 20 اکتوبر 2016 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں اور پارٹی کی ازسرنوتنظیم سازی کے حوالے سے قائم کردہ سندھ کو آرڈینیشن کمیٹی سے طویل مشاورت کے بعد صوبائی صدور کی صدارت کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینئر صوبائی وزیرنثار احمدکھوڑو کو صدر نامزد کر دیا ہے۔

مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے یہ اعلان پی پی پی میڈیا سیل سندھ میں بلائی جانے والی ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ٬ وزیر سندھ کے مشیر برائے محنت سینیٹر سعید غنی٬ وزیر زراعت سہیل انور سیال٬ راشد ربانی٬ نجمی عالم وقار مہدی٬ذوالفقار قائم خانی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے کہا کہ غیر معمولی قیادت غیر معمولی فیصلے کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی ازسرنوتنظیم کا غیر معمولی فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں حقیقت پر مبنی انٹرا پارٹی الیکشن کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن دوسری جماعتوں کی طرح انجینئرڈ نہیں تھے بلکہ حقیقی طور پر نمائندہ افراد الیکشن کے مرحلے سے گزر کر سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور پی پی پی کے سابق صدر سندھ سید قائم علی شاہ کو ان کی خدمات اور انٹرا پارٹی الیکشن اور دیگر معاملات میں بھرپور رہنمائی فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر چہ وہ پیدائشی طور پر سیاسی ورکر اور پی پی پی سے وابستہ ہیں تاہم انہوں نے عملی سیاست میں 2002میں حصہ لیا اس وقت نثار احمد کھوڑو پارلیمانی لیڈر ٬ لیڈر آف اپوزیشن تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا سید قائم علی شاہ اور نثار احمد کھوڑو ان کے استاد ہیں اور وہ نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں صوبے کے عوام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ڈیڑھ برس کا عرصہ رہ گیا ہے اور پارٹی کی ازسرنوتنظیم کا عمل مکمل ہونے کے بعد پی پی پی عوام کی حمایت سے آئندہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے 2018ء کے عام انتخابات میں فتح حاصل کریگی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں پی پی پی سندھ کے نومنتخب صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ان کے کاندھوں پر جو بھاری ذمہ داری عائد کی ہے وہ اسے پورا کرنے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نچلی سطح تک جاکر عوامی خدمت کے جذبے کے تحت پی پی پی کا منشور عوام تک پہنچائیں گے اور جس طرح 16اکتوبر کی ریلی میں پیپلز پارٹی نے اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا اسی طرح کراچی کے گلی کوچوں میں پیپلز پارٹی کا علم لہرائیں گے۔

متعلقہ عنوان :