تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺکے زیر اہتمام مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے دوسرے روز بھی دھرنا

مال روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا٬طلبہ ٬ سرکاری ملازمین ٬عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا پنجاب حکومت نے مطالبات کو تسلیم کرکے ان پر عملدرآمد نہ کیا تو دھرنے کو کراچی سمیت تمام بڑے شہروںمیں پھیلا دیا جائیگا‘ مقررین

جمعرات 20 اکتوبر 2016 21:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺکے زیر اہتمام مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے دوسرے روز بھی دھرنا جاری رہا جس کے باعث مال روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کا بد ترین جام رہا ۔دھرنے کے دوسرے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ خادم حسین رضوی ٬پیر محمد افضل قادری٬ پیر سید ظہیر الحسن شاہ٬ صاحبزادہ پیر محمد اعجاز اشرفی٬ مولانا غلام عباس فیضی اور دیگر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 30 مارچ کو اسلام آباد دھرنا میں جو معاہدہ کیا تھا اس سے کھلا انحراف کیا جارہاہے۔

اسی طرح حکومت پنجاب نے 19 جولائی کو پنجاب اسمبلی کے دھرنا کے موقع پر جو تحریری معاہدہ کیا تھا اس کی بھی کسی شق پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔اسیران ناموس رسالت ﷺکی رہائی اور محب وطن اہلسنت وجماعت بریلوی کے خلاف فورتھ شیڈول اور دہشتگردی کے مقدمات کے پیچھے اسلام دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے اعلان کیا کہ آج جمعتہ المبارک کی نماز پنجاب اسمبلی کے سامنے ادا کی جائے گی جس میں لاہور اور مضافات سے بھی لاکھوں افراد شریک ہونگے۔

اگر پنجاب حکومت نے مطالبات کو تسلیم کرکے ان پر عملدرآمد نہ کیا تو دھرنے کو کراچی سمیت تمام بڑے شہروںمیں پھیلا دیا جائے گا اور حکومت کے خلاف راست اقدام کا اعلان کیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کے باعث مال روڈ سمیت دیگر شاہراہراہوں پر ٹریفک کا بد ترین جام رہا جس کے باعث طلبہ٬سرکاری ملازمین اور عام شہریوںکو شدید مشکلات درپیش رہیں۔