مسلح جتھوں کے زور پر کا روبار بند کراناملا فضل اللہ ٬ دہشتگردوں کا ایجنڈا ٬ایسے لوگوں سے دہشتگردوں کی طرح ہی نمٹنا چاہیے ‘وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

دونومبرجیسا کام دونمبر لو گ ہی کر تے ہیں ٬ان سے دو نمبر طریقے سے ہی نمٹا جانا چاہیے ٬ یہ پی ٹی آئی کا آخری دونومبر ہوگا 12ارب 86کروڑ کی بچت کر کے دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے سو فیصد زمین ایکوائر کرکے وفاق کو دیدی ہے ‘ حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 20 اکتوبر 2016 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ دونومبرجیسا کام دونمبر لو گ ہی کر تے ہیں اور ان سے دو نمبر طریقے سے ہی نمٹا جانا چاہیے ٬ مسلح جتھوں کے زور پر کا روبار بند کراناملا فضل اللہ اور دہشتگردوں کا ایجنڈا ہے ٬اس لیے ان سے دہشتگردوں کی طرح ہی نمٹنا چاہیے ٬ یہ پی ٹی آئی کا آخری دونومبر ہوگا٬ 12ارب 86کروڑ کی بچت کر کے دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے سوفیصد زمین ایکوائر کرکے وفاق کو دیدی ہے ٬ چھوٹے صوبے خود محنت نہیں کر تے اور سارا الزام پنجاب پر لگاتے ہیں کہ پنجاب دوسرے صوبوں کی حق تلفی کر تا ہے ٬پنجاب گلگت بلتستان کے ساتھ بڑا بھائی ہونے کا حق پو ری طرح اداکر رہا ہے٬ بین الاقوامی سیاحوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب گلگت بلتستان میں صرف ایک دن میں ایک لا کھ سیا ح آتے ہیں ٬ بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں نے گلگت بلتستان کو پو رے ایشیا ء میں سوفیصد پر امن علاقہ قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے پروگرام ’’میٹ دی پریس ‘‘میں اظہار خیال کرے ہوئے کیا ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اگر عمران خان کو اسلام آباد بند کرانے کا اتنا ہی شوق ہے تو دونومبر کو شٹر ڈائون ہڑتال کی کال دیں ٬ پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں ٬ یہ جمہوری طریقہ ہے لیکن مسلح جتھوں کے زور پر دوکانیں اور کا روبار بند کراناملا فضل اللہ اور دہشتگردوں کا ایجنڈا ہے اس لیے ان سے دہشتگردوں کی طرح ہی نمٹنا چاہیے ۔

پی ٹی آئی ہر ضمنی انتخابات میںبری طرح شکست کھا رہی ہے ٬ عمران خا ن اپنی پا رٹی کو تو سنبھال نہیں سکتے ٬ وہ پارٹی میںشدید دھڑے بندیوں اور نا اتفاقی کی وجہ سے پارٹی انتخابات نہیں کروا سکے ٬ اس وقت وہ صرف اور صرف اپنی جماعت کی گروہ بندی اور ناکامیوں کو چھپانے کیلئے پورے ملک کو سولی پر چڑھانا چاہ رہے ہیں ٬یہ پی ٹی آئی کا آخری دونومبر ہوگا۔

عمران خان ایک اناڑی آدمی ہے ٬ وہ ایک گلیمرس کلاس کاآدمی ہے اور سیاست میں آگیا ہے ٬ اسے سیاست کی الف ب نہیں پتہ ٬ اس کاایجنڈا ہی یہی ہے کہ ’’ناںکھیڈاں گے ناںکھیڈن دیا ں گے‘‘ ٬ عمران خان کی وہی مثال ہے کہ ’’انوکھا لا ڈالا کھیلن کو مانگے چاند‘‘۔لیکن اب پاکستانی عوام باشعور ہو چکے ہیں اور وہ عمران خان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کے مسائل کی وجہ سے ورلڈ ٹورسٹ گائیڈ سے پاکستان کا نام غائب ہو رہا تھا لیکن ہم نے پھر سے بہت محنت کر کے اس نام کو شامل کر وایا۔ گلگت بلتستانمیں بین الاقوامی سیاحوں کا تحفظ یقینی بنا نے کیلئے سپیشل سکیورٹی فورس بنا ئی ہے اور ان کو ہر لحاظ سے فول پروف سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں٬ یہی وجہ ہے کہ اب گلگت بلتستانمیں صرف ایک دن میں ایک لا کھ سیا ح آتے ہیں ۔

بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں نے گلگت بلتستان کو پو رے ایشیا ء میں سوفیصد پر امن علاقہ قرار دیا ہے ۔ گلگت بلتستان کے پہلے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے قیام کے لیے عملی طورپر تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کو اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر میں جا ری بھارتی مظالم پر جرات مندانہ آواز اٹھانے پر خراج تحسین پیش کر تے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کی سرزمین سے استفادہ کیا جا تا تو آج پا کستان میں توانائی کے مسائل کب کے حل ہو چکے ہوتے کیونکہ وہاں پانی سے 40ہزار سے ایک لاکھ میگا واٹ تک سستی ترین بجلی پیداکرنے کی صلاحیت مو جود ہے لیکن گلگت بلتستان کو نیشنل گرڈ سے لنک ہی نہیں کیا گیا ٬ دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے 75ارب مختص تھا لیکن ہم نے 12ارب 86کروڑ کی بچت کر کے دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے مکمل زمین ایکوائر کرکے وفاق کو دے دی ہے ٬اس پر مزید پیش رفت کیلئے آج جمعہ کو ہی اجلاس ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں گلگت بلتستان میں صرف 20فیصد ترقیاتی کام ہورہے تھے لیکن اب 60فیصد ہو رہے ہیں ۔اس وقت گلگت بلتستان کے 200بچو ں کو پنجاب اپنے خرچے پر پڑھا رہا ہے ٬ پنجاب انڈومنٹ فنڈ سے ہمارے 300طلباء کو مفت تعلیم دی جارہی ہے ۔پنجاب نے گلگت بلتستان کو 9کروڑ کی ادویات دی ہیں ٬پنجاب نے گلگت بلتستان کو پہلی ایم آر آئی مشین دی ہے ۔گلگت بلتستان کو مزید مضبوط کرنے اور اس کے عوا م کو مزید حقوق دلوانے کیلئے وزیراعظم کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی گئی ہے جس کی سربراہی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کر رہے ہیں ٬ اس کمیٹی میں تمام دفاعی اداروںاور مجھے بطور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بھی شامل کیا گیا ہے ۔