اضاخیل اجتماع کی تیاریاں مکمل٬23اسلامی ممالک کوشرکت کی دعوت دی گئی ہے٬مشتاق احمدخان

جمعرات 20 اکتوبر 2016 21:01

نوشہرہ۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) صوبائی امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اضا خیل اجتماع کی تیاریوں کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے اور توقع سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی ہے۔ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع کے ساتھ قبائلی علاقوں سے بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت بہت بڑی تبدیلی ہے ترکی افغانستان سمیت کئی اسلامی ممالک کے وفود نے شرکت کا عندیہ دے دیا ہے آزا دکشمیر کا وفد بھی شامل ہوگا۔

23 اسلامی ممالک کو اجتماع میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ٬ان خیالات کااظہار صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے اجتماع گاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پرسینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان٬صوبائی وزیر زکواة و عشر حبیب الرحمان خان٬قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ٬ صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع ٬ اجتماع کے انچارج صابرحسین اعوان اورسیکرٹری اطلاعات محمد اقبال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد خان نے کہا کہ اجتماع کے لیے صوبہ کے دو کروڑ افراد تک دعوت پہنچانے کی غرض سے یکم ستمبر سے بیس اکتوبر تک 50روزہ مہم چلائی گئی۔اس دوران 1008یونین کونسلوںمیں جلسوں اور3500ویلیج کونسلوں میں جماعت اسلامی یوتھ کے ورکرز کنونشن منعقد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور آج اس آپریشن کے آخری روز یہ تمام اہداف حاصل ہو چکے ہیں۔صوبہ کے ہر شہر اور قریہ تک دو مرتبہ ایک فلوٹ چلایا گیا ۔

تمام اضلاع میں دود لاکھ خواتین کو اجتماع میں شرکت کی دعوت دی گئی15ہزار علما چھ ہزار طلبا اورہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کو شریک کرنے کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ 15سو کنال پر مبنی رقبہ میں ان لوگوں کے قیام و طعام اور ایک ہزار بیت الخلائوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ اور ایک چھوٹا سا شہر آباد کیا گیا ہے۔

تمام ضروریات ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گے اورحفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا دیا جائے گا۔ اور تھری ڈی اسٹیج تعمیر کر لیا گیا ۔محافظ فورس کے نام سے جماعت کے اپنے ایک ہزار سیکورٹی دستہ قائم کردیاگیا ہے۔جمعرات کی شام تک دور دراز علاقوں سے آنے والوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور صوبہ کے دور دراز اضلاع سے آج قافلے روانہ ہوجائیں گے اور یہ سلسلہ کل صبح گیارہ بجے تک مکمل ہو جائے گا۔

مشتا ق احمد خان نے کہا کہ اجتماع میں مرکز امیر سراج الحق دونوں دن موجود رہیں گے جبکہ نائب امرا پروفیسر محمد ابراہیم خان ٬حافظ محمد ادریس اور مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ ایک ایک سیشن کی صدارت کریں گے۔اسلامی جمعیت طلبہ اور جمعت طلبہ عربیہ کے مرکزی سربراہوں کے علاوہ جماعت اسلامی یوتھ اور خواتین کے مرکزی سربراہان بھی شریک ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاسی رواداری کا ماحول پہلے سے موجود ہیں ۔اجتماع میں تما م سیاسی جماعتوںکے منتخب کونسلرز ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو دعوت پہنچائی گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہر لحاظ سے صوبہ کی تاریخ کاسب سے بڑا اور منظم ترین اجتماع ہوگا۔اور اس اجتماع کے صوبہ کی آئندہ سیاست پر دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔انھوں نے کہا اس اجتماع عام میں خوش حال اور اسلامی پاکستان کے لیے بنیادیں فراہم ہوں گی۔اور صوبہ کی جامع و ہمہ گیر ترقی کے لیے پروگرام پیش کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اجتماع کی تیاریوں اور کارکنوں کے عزم سے اندازہ ہورہا ہے کہ خیبر پختونخوا جماعت اسلامی کا ہے۔