پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کارکنان کی رائے اور سینئر رہنمائو ں کی مشاورت کے بعد نثاراحمد کھوڑو کو پیپلز پارٹی سندھ کا صدر مقرر کردیا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کارکنان کی رائے اور سینئر رہنمائو ں کی مشاورت کے بعد نثاراحمد کھوڑو کو پیپلز پارٹی سندھ کا صدر مقرر کردیاہے٬جمعرات کو کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ٬ مولا بخش چانڈیو ٬ راشد ربانی نے پی پی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا٬اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے سربراہ نثار احمد کھوڑو نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ٬ آصف علی زرداری ٬ فریال تالپور٬ بختاور بھٹو ٬ آصفہ بھٹو زرداری سمیت پوری پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے مجھ پر ایک بار پھر جو اعتماد کیا ہے اس پر بھرپور پورا اتروں گا٬انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ پیپلز پارٹی کوعوام کی طاقت سے سندھ سمیت ملک بھر میں2018ء کے آئند ہ انتخابات میں بھرپور کامیابی اور ملک بھر میں پارٹی کو وہ مقام دلائیں گے٬انھوں نے کہا کہ وزارت پارٹی کی امانت ہے ٬تاہم پارٹی نے ابھی تک وزارت چھوڑنے کاحکم نہیں کیا ہے ٬پارٹی جب بھی حکم کر ے گی اس وقت وزارت چھوڑ دونگا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سب کی کوششوں کی وجہ سے سلام شہداء ریلی کامیاب ہوئی اور اب آئندہ انتخابات میں سندھ کے دیگر اضلاع سمیت کراچی میں بھی اکثریت سے تیر کی کامیابی ہوگی اورجذبے کے ساتھ کراچی میں مزید کام کریں گے٬انھوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی تنظیم کے لیئے فی الحال انھیں صوبائی صدر مقرر کیا گیا ہے ٬تاہم جلد تنظیم کے باقی عہدوں کا بھی مشاورت کے بعد کا اعلان کیا جائے گا٬انھوں نے کہا کہ پارٹی نے جو ذمہ داری دی ہے اسے پورا کرنے کے لیئے نچلی سطح تک جاکرپارٹی کا منشور اور پارٹی کا علم لہرائیں گے٬انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 30اکتوبر کودیوالی کا تہوار بھرپور نمونے سے منایا جائے گا اوراس حوالے سے گھوٹکی میں دیوالی کی ایک بڑی تقریب ہوگی جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی شرکت کریں گے٬انھوں نے کہا کہ تعصب پرست مودی سرکار قصاب بن کر کردار ادا کررہی ہے مگر پیپلز پارٹی دنیا کو دکھائیں گی کہ ہم لبرل ہیں اور مسجد اور مندر کے بیچ ایک دیوار ہوتے ہوئے بھی ایک ساتھ رہتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 23 اکتوبر کو مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی ہر ضلع میں بھی برسی منائے گی اور برسی کے سلسلے میں کراچی میں بھی پیپلز سیکریٹیریٹ میں دوپہر تین بجے قران خوانی اور دعا ہوگی ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نثار کھوڑو کو صوبائی صدر مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا جمہوریت اور عوام کی بہبود کے لیے جدوجہد میں اہم کردار ہے ۔

انھوںنے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں کم وقت ہونے کے باوجود ہم سب کے ساتھ مل کر پارٹی کو بڑ ی کامیابی دلائینگے ۔مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے طویل مشاورت کے بعد نثار کھوڑو کو سندھ کا صدر مقرر کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں تنظیم سازی دیگر جماعتوں کی طرح مصنوعی نہیں ہے ہماری جماعت میں نچلی سطح سے تنظیم ساز ی کا عمل مکمل کیا ہے۔