معذور افراد کو مقابلے کے امتحانات میں معاون سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی درخواست پر پنجاب پبلک سروس کمیشن کا ذمہ دار افسر اٹھارہ نومبر کو طلب

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:21

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے معذور افراد کو مقابلے کے امتحانات میں معاون سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی درخواست پر پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذمہ دار افسر کو اٹھارہ نومبر کو جواب سمیت طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے شاہد جمال تبریزی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی٬ درخواست گزار کی طرف سے صبا سعید ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ دنیا بھر میں خصوصی افراد کو مقابلے کے امتحانات میں سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں ایسا نہیں کیا جاتا٬ پاکستان میں جب بھی خصوصی افراد مقابلے کا امتحان دیتے ہیں تو انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے٬ معذور افراد کو بھی عام افراد کی طرح تین گھنٹے جتنا وقت دیا جاتا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ معذور افراد کو مقابلے کے امتحانات میں معاون٬ اضافی وقت سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا جائے٬ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹھارہ نومبر کو جواب طلب کر لیا٬ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر پبلک سروس کمیشن کا ذمہ دار افسر بھی پیش ہو۔

متعلقہ عنوان :