خطے میں امن وامان کی پائیدار فضا قائم کئے بغیر ترقی وخوشحالی کی منزل کا حصول ناممکن ہے٬گورنر بلوچستان

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ خطے میں امن وامان کی پائیدار فضا قائم کئے بغیر ترقی وخوشحالی کی منزل کا حصول ناممکن ہے۔ پائیدار ترقی کے حصول کے لئے دیرپا امن بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پورے خطے میں معاشی استحکام پیدا ہوگاجس سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان میں متعین بیلا روس کے سفیر مسٹر اینڈری جی آرمولووچ ( Mr. Anderi G Ermolovich) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقe پر گورنر نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں٬ دونوں ممالک کے سربراہان کے حالیہ دوروں سے مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی اور تعاون کے وسیع مواقع دونوں ممالک کے درمیان موجود ہیں اور کئی باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے ہیں۔

اس سے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات اور تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت بہت زیادہ ہے اور یہاں پر سرمایہ کاری کے وسیع اور منافع بخش مواقع موجود ہیں ایشیاء کی سطح پر برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کے پورے خطے پر مثبت اثرات پڑیں گے اور سی پیک جیسے میگاپروجیکٹس سے پاکستان اور بیلاروس بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس میں پاکستانی سفارتخانے کا قیام نہایت ہی خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان فضائی رابطے بحال ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی٬ سائنسی٬ صنعتی اور ثقافتی روابط بڑھانے کے روشن امکانات موجود ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ آخر میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔

متعلقہ عنوان :