حافظ حفیظ الرحمن کا دورہ جامعہ اشرفیہ لاہورمولانا محمد عبیداللہ کی وفات پر اظہار تعزیت

دینی مدارس فساد نہیں ٬ امن و سلامتی کی علامت اور ہدایت کے سرچشمے ہیں ٬(ن) لیگ گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی٬جامعہ اشرفیہ لاہور میرا مادر علمی ہے ٬یہاں میں نے چٹائیوں پر بیٹھ کر علم دین حاصل کیا جو زندگی کے ہر موڑ پر کام آرہا ہے جامعہ اشرفیہ لاہور کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں دین کی خدمت کے حوالہ سے ایک منفرد اور ممتاز مقام حاصل ہے‘وزیر اعلی گلگت بلتستان

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے خواجہ احمد حسان کے ہمراہ اپنے مادر علمی ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور کا دورہ کیا اور جامعہ اشرفیہ کے مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم ٬ قاری ارشد عبید٬ حافظ اسعد عبید٬مولانا زبیر حسن ٬مولانا محمد اکرم کاشمیری٬ مولانا عبدالرحیم چترالی ٬ مولانا مجیب الرحمن انقلابی ٬ حافظ سعد بن اسعد٬ مولانا اویس ارشد٬ مولانا حسن اشرفی اوردیگر علماء سے ملاقات کی اس موقعہ پر حافظ حفیظ الرحمن نے جامعہ اشرفیہ کے سابق مہتمم حضرت مولانا محمد عبیداللہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد عبیداللہ مرحوم کی شخصیت تمام مکاتب فکر کے علماء کے لیے قابل احترام تھی ان کی تمام زندگی دین اسلام کی اشاعت اور خدمت میں گذری ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ لاہور میرا مادر علمی ہے اور یہاں میں نے چٹائیوں پر بیٹھ کر علم دین حاصل کیا جو کہ میری زندگی کے ہر موڑ پر کام آرہا ہے جامعہ اشرفیہ لاہور کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں دین کی خدمت کے حوالہ سے ایک منفرد اور ممتاز مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس فساد نہیں بلکہ امن و سلامتی کی علامت اور ہدایت کے سرچشمے ہیں ۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ دیگر صوبوں کی بنست پنجاب کی حالت بہتر ہے آپ لو گ خوش قسمت ہیں میاں محمد شہباز شریف جیسا وزیر اعلی آپ کو ملا جو کہ اپنے صوبے کی عوام خدمت میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے ایم آئی آر کی مشین تک نہیں تھی میاں محمد شہباز شریف نے 34 کروڑ روپے لاگت کی ایم آئی آر کی مشینیں پنجاب کے عوام کی طرف سے تحفہ دی ہیں جس پر میں پنجاب حکومت کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ایٹمی صلاحیت پر پوری قوم اور تمام حکمران متحد تھے تو پاکستان ایٹمی قوت بن گیا اسی طرح سی پیک کے مسئلہ پر بھی پوری قوم اور حکمران متحد ہیں یہ بھی انشاء اللہ ہر صورت بن کر رہے گا سی پیک کا منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور خطہ میں بالادستی کی علامت ہے سی پیک 20 کے قریب ممالک کا تجارتی روٹ بنے گا اس کی وجہ سے روس اور ایران سمیت دیگر ممالک بھی پاکستان کے قریب آ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں دوسری جماعت سے لے کر ساتویں تک ناظرہ قرآن مجید اور ساتویں سے لے کر بارھویں جماعت تک قرآن مجید کا ترجمہ لازمی قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلی کا منصب عوام کی خدمت اور ازمائش کے طور پر قبول کیا ہے اور میں نے گلگت بلتستان میں تمام مسالک اور مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چل رہا ہوں اور ڈیڑھ سال سے میرے صوبے کا امن اللہ کے فضل و کرم سے مثالی ہے ۔اس موقعہ پر جامعہ اشرفیہ لاہور میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے زیر تعلیم طلباء نے بھی حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :