اینگرو کا رہبر پروگرام قابل تحسین اقدام ہے ٬وفاقی وزیرحیات بوسن

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ اینگرو کا رہبر پروگرام قابل تحسین اقدام ہے جس کی بدولت زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار بین الاقوامی معیار کے مطابق بڑھائی جا سکے گی٬ رہبر پروگرام اینگرو کا ایک منفرد اقدام ہے جو زرعی شعبہ میں اصلاحات متعارف کرا رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان میں غذائی تحفظ کو بہتر بنانا اور ملک میں دیرپا ترقی کے سفر کو قائم رکھنا ہے۔ انہوں نے کسانوں کی مدد کرنے کے حوالہ سے اینگرو کے رہبر پروگرام کو سراہا کیونکہ کسان ملک کی فوڈ سکیورٹی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں تاہم پرانے طریقوں کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہورہی ہے ٬ ان چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے اینگرو نے رہبر پروگرام کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

انٹر نیشنل واٹر منیجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے مطابق پاکستان کی فی ہیکٹر ملین اراضی کو 2025ء میں پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس سنگین خطرے کو ٹالنے کیلئے رہبر پروگرام کے توسط سے کسانوں کو پانی کی بچت اور کاشتکاری کے جدید طریقوں سے آگاہی دی جارہی ہے۔