بھکی پاور پلانٹ کی دوسری ٹربائن اور جنریٹر کی تنصیب شروع کر دی گئی

پلانٹ آئندہ موسم گرما کے دوران716میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر ے گا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) حکومت ِ پنجاب کی طرف سے ضلع شیخو پورہ میں لگائے جانے والے بھکی پاور پلانٹ میںبجلی کی تیاری کے لئے فرانس سے در آمد کی جانے والی دوسری گیس ٹربائن اور امریکی ساختہ دوسرے جنریٹر کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے -ان دونوں مشینوں کو گزشتہ روز سائٹ پر پہنچادیا گیا ۔پہلی ٹربائن تقریبا دو ماہ قبل درآمد کی گئی تھی- ایک ٹربائن کی پیداواری استعداد 358میگا واٹ ہے ۔

دونوں ٹربائنز کے ذریعے 716میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی ۔ یہاں نصب کئے جانے والے جنریٹرجنرل الیکٹرک (جی ای ) نیو یارک کے تیار کردہ ہیں۔

(جاری ہے)

بھکی پاور پلانٹ سے 1180میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے یہا ں تین جنریٹر اور تین ٹربائنز نصب کی جائیں گی - بھکی پاور پلانٹ کا تعمیراتی کام بھی تیزی سے جاری ہے اور اب تک نصف سے زائد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے - یہ پلانٹ 2017ء کے اوائل میں پیداور شروع کر دے گا اور آئندہ موسم گرما سے 716میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر ے گا جس سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملی- بھکی پاور پلانٹ اگلے سال کے آخر تک اپنی مکمل استعداد کے مطابق 1180میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا -توقع ہے کہ یہ پاورپلانٹ کام شروع کرنے کے بعد اس خطے میں سب سے بہتر استعدادِ کار والا پاور پلانٹ ہوگا اور پاکستان میں پاور سیکٹر کے لئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا جہاں بہتر استعدادِ کار کا مطلب بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی اور صارفین کو اس کا فائدہ منتقل کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :