پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر ڈسٹرکٹ امیدواروں کے کاغذات تصدیق کرنیوالے چیئر مین کاغذات فوری واپس کریں٬پرویز ملک٬ عمران نذیر

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:37

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری جنرل خواجہ عمران نذیر نے چیئر مینوں کو ہدایت کی ہے کہ جن چیئرمینوں نے پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر ڈسٹرکٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی تصدیق کی ہے وہ فوری طور پر ان کے کاغذات واپس کرائیں٬ بصورت دیگر ان کے خلاف پارٹی ڈسپلن کے تحت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز لاہور پارٹی دفتر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہورکے صدر محمد پرویز ملک٬ جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر٬خواجہ احمد حسان٬ رمضان صدیق بھٹی٬ چوہدری شہباز اور سید توصیف شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام چیئر مینوں کوپہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا کہ کوئی بھی چیئر مین پارٹی کی شارٹ لسٹ کے علاوہ کسی دوسرے کی تصدیق نہ کرے اس کے باوجود جن چیئر مینوں نے کاغذات جان بوجھ کر یا غلط فہمی کی بنا پرکاغذات تصدیق کئے انہیں موقع دیا جاتا ہے کہ وہ ان امیدواروں کے کاغذات فوری طور پر واپس کرائیں٬انہوں نے کہا کہ جو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کریں گے چاہے وہ کتنے بھی بااثر کیوں نہ ہوں ان سے کوئی رورعائت نہیں برتی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ جماعتی بنیادوں پر الیکشن ہو رہے ہیں کوئی غلط فہمی نہ رہے۔اس میں وہی امیدوار جیتے گا جس کے پاس پارٹی ٹکٹ ہو گا۔