پاکستان اور چین کے آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش (کل ) جمعہ کو نیشنل آرٹ گیلری میں شروع ہوگی

پاکستان میں موجود چین کے سفارتخانہ کی جانب سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے تعاون سے نمائش کا اہتمام

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) پاکستان اور چین کے آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش (کل ) جمعہ کو نیشنل آرٹ گیلری میں شروع ہوگی۔ پاکستان چین دوستی کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان میں موجود چین کے سفارتخانہ نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے تعاون سے نمائش کا اہتمام کیا نمائش کا پری ویو جمعرات کو منعقد ہوا۔

نمائش میں چین کے آرٹسٹوں ہی ڈنگ آن ‘ ژنگ جیلن ‘ نیگ بادنوے ‘ سن جن ہاو‘ یان فیچو‘ لی ژی ‘ وانگ چی ‘ ین یوکی ‘ لیو ہولنگ اور پاکستان کے آرٹسٹوں مغیث ریاض ‘ آر ایم نعیم ‘ عبدالجبار گل ‘ زاہد ‘ انجم ایوب ‘ نجم الحسن کاظمی ‘ اسد الرحمن اور فرخ شہاب کے فن پارے رکھے گئے ہیں ۔ آرٹسٹوں نے بتایا کہ نمائش میں 56 پینٹنگز اور 150 تصاویر اور خطاطی کے نمونے رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چین کے آرٹسٹوں نے نوجوان آرٹسٹوں کو اپنے فن پاروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ چینی آرٹسٹوں نے نوجوانوں کو چین میں خطاطی اور پینٹنگز کی تاریخ اور مختلف ادوار کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ چین میں خطاطی کو 8مختلف ادوار میں تقسیم کیا گیا ہے۔ قبل ازیں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے آرٹسٹوں سے ملاقات کے دوران امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ سے دونوں ممالک کے آرٹسٹوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا اور دونوں اطراف کے آرٹسٹوں کے تجربات سے آرٹ کو نئی جہت ملے گی۔

اس موقع پر چینی آرٹسٹوں نے جمال شاہ کو چین کے دورے کی دعوت دی۔ چین کے آرٹسٹوں نے دورہ پاکستان کو انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانیوں کی محبت اور مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :