بیرسٹر ترمبو کا او آئی سی کی طرف سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت کا خیرمقدم

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء)مقبوضہ کشمیرمیںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ (آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے انقرہ میں اسلامی تعاون تنظیم (اورآئی سی ) کی جانب کشمیر ی عوام کی تحریک آزادی کی حمایت کیلئے مشترکہ اعلامیہ کا خیر مقدم کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر ترمبو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انقرہ اعلامیہ کو حوصلہ افزااورخوش آئند قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ٬ حق خودارادیت دلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پور کرانے کیلئے بھی بھارت کو پر دبائو بڑھانا چاہئے۔انھوں نے اوآئی سی کے اعلامیہ میں درج اس بات سے مکمل اتفاق کیا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو انسانی حقوق سے متعلق شکایات کا جائزہ لینے کیلئے جموںوکشمیر کے دورہ کی اجازت دی جائے اور عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے ۔

(جاری ہے)

بیرسٹرترمبو نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف ملازمین کو نوکریوں سے برخواست کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ ظلم و ستم کی عمر بہت کم ہوتی ہے اور بہت جلد عوام کو اس ظالمانہ نظام سے نجات ملے گی ۔بیرسٹر ترمبو نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی مسلسل گرفتاری اور فہمیدہ صوفی پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کی شدیدمذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ خواتین رہنمائوں پر کالاقانون پی ایس اے لاگو کرکے حکام نے اپنی شقاوت قلبی کا ثبوت پیش کیا ہے ۔