ماضی میں سیاسی بنیادوں پر کی جانیوالی بھرتیوں نے عوامی مفادات کو زک پہنچائی٬راجہ محمد فاروق حیدر

ریاست میں انتظامی اصلاحات لائیں گے٬آزاد کشمیر کے خزانے کے امین کسی کو لوٹ مار کرنے کی اجازت نہیں دینگے عوام کی براہ راست نظام حکومت میں شمولیت کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں جائینگے٬ آزاد کشمیر کے عوام کے رشتوں کو پاکستان سے مزید مضبوط بنائینگے٬نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور کے زیر اہتمام 20ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی بھرتیوں نے عوامی مفادات کو زک پہنچائی۔ریاست میں انتظامی اصلاحات لائیں گے۔آزاد کشمیر کے خزانے کے امین کسی کو لوٹ مار کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ عوام کی براہ راست نظام حکومت میں شمولیت کے لیئے عملی اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔

آزاد کشمیر کے عوام کے رشتوں کو پاکستان سے مزید مضبوط بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور کے زیر اہتمام 20ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی بیوروکریسی بالخصوص نو تربیت یافتہ افراد میدان عمل میں ایسی پالیسیاں اور لائحہ عمل اختیار کریں جس سے پاکستان کے عوام ریاست سے مزید محبت کریں۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے اندر ماضی میں اداروں کو تباہ کیا گیا ۔سول سروس میں ریفارمز لائیں گے۔ ایسا نظام لائیں گے کہ دیانتدار آفیسران کو تحفظ دیا جاسکے۔ احتساب بیورو ٬پبلک سروس کمیشن ایسے مثالی ادارے بنائیں گے کہ کوئی ان کی شفافیت پر انگلی نہ اٹھاسکے۔آزادکشمیرچھوٹا سا خطہ ہے ہم اسے تعمیر وترقی کے حوالے سے مثالی بنا سکتے ہیں۔صرف سرکاری ملازمتوں سے خوشحالی نہیں لا سکتے اس کے لیئے ہمیںدیگر ذرائع کو بھی بروئے کار لانا ہو گا جن کی مستقل منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کاتذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت سے آزادی حاصل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اورگزشتہ سو دنوں میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ عورتوں ٬ بچوںاوربوڑھوں نے اپنے کاروبار ٬روزگار اور زندگیوں کو تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان سے محبت میں قربان کردیا ہے۔8لاکھ بھارتی افواج کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے ۔

خواتین کی عصمت دری ٬مسلسل کرفیو کا نفاذ٬نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریاں اور ماورائے عدالت ان کا قتل٬پیلٹ گن کا استعمال عالمی برادری کے لیئے لمحہ فکریہ ہیں ۔ اب یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہ ہونے دیں۔بھارت مسئلہ کشمیر کے حل سے فرارچاہتا ہے اورجان بوجھ کر معاملے کو التواء میں رکھ رہا ہے ۔کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

مہذب ممالک کشمیر کے اس پار گولیوں کی تڑتڑاہٹ میں زندگی بسر کرنے والوں کے حال پر رحم کھاتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیئے اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعظم نے جب مقبوضہ کشمیر کے حالات کی منظر کشی کی تو شرکاء آبدیدہ ہو گے۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کو فعال بنا کر براہ راست عوام کی نمائندگی یقینی بنائی جائے گی ۔

یونین کونسل کی سطح پر لوکل گورنمنٹ کا نظام مربوط بنانے کی ضرورت ہے ۔یونین کونسل کے دفاتر کے لیئے مکانیت بنیاد ہے سیکرٹری یونین کونسل کو ٹیکنیکل عہدہ بنائیں گے ۔محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مالی وسائل میں اضافہ کیلئے سیکرٹری مالیات کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی جارہی ہے جس کے ممبران میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور اکائونٹنٹ جنرل شامل ہیں ۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام رابطہ کونسل کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ کو سختی سے ہدایت کی کہ یونین کونسل کے دفاتر سے ناجائز قبضے ختم کروا کر عمارات محکمہ کے سپرد کی جائیں ۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بعد ہر یونین کونسل میں مکانیت کی ضرورت ہو گی ۔آنے والے وقت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ابھی سے انتظامات شروع کر دے۔بنیادی جمہوریت کا تصور بلدیاتی نظام ہی ہے ۔بلدیاتی اداروں کو یونین کونسل کی سطح پر مناسب فنڈز فراہم کر کے بنیادی مسائل حل کیئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :