ملک معاشی نقصان اٹھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا٬ محاذ آرائی کی سیاست سے گریز کیا جائے‘ لاہور چیمبر

جمعرات 20 اکتوبر 2016 17:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی محاذ پر نقصان اٹھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ اسے پہلے ہی بہت سے چیلنجز درپیش ہیں٬ تمام طبقات ہائے فکر بالخصوص سیاستدنوں کو ملک کے معاشی حالات بہتر بنانے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرنا اور سیاسی انارکی پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ملک کے لیے معاشی چیلنجز شدت اختیار کرتے جارہے ہیں ٬ ان حالات میں ملک سیاسی انارکی کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ اس کی وجہ سے جہاں مقامی تاجر بدظن ہورہے ہیں وہیں غیرملکی سرمایہ کار بھی رٴْخ موڑ رہے ہیں جس سے معیشت کو بھاری نقصان پہنچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی محاذ آرائی نے پہلے ہی معیشت کو دیوار سے لگا دیا ہے جبکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔

اگر سیاسی انارکی پھیلتی رہی تو حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کرکے ملک کو بھاری نقصان پہنچانے کے بجائے سب سے پہلے ملک کے مفادات مد نظر رکھیں اور اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی سیاست کو ترک کرنا اور ملک میں تجارتی و معاشی سرگرمیاں پھلنے پھولنے دینا ہر ایک کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے ٬ان حالات میں جب ملک کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے٬ یہ کسی بھی معاشی نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ عبدالباسط نے کہا سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور احتجاج کرکے معیشت کو بھاری نقصان پہنچانے کے بجائے اپنے مسائل پارلیمنٹ کے ذریعے حل کریں۔

متعلقہ عنوان :