وزیراعلی خیبرپختونخوا کی صوبے میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کی ہدایت

نچلی سطح سے اوپر تک ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے ٬جہاں وسائل کی کمی ہو نشاندہی کی جائے ٬حکومت نے مضبوط بنیاد رکھ دی ٬سٹرکچرکھڑا کرنے کی ضرورت ہے٬ پرویز خٹک

جمعرات 20 اکتوبر 2016 17:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس مقصد کیلئے ایک سیٹ اپ منظم کریں جس کے تحت نچلی سطح سے اوپر تک ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے اور جہاں کہیں وسائل کی کمی ہو نشاندہی کی جائے ان کی حکومت نے ایک مضبوط بنیاد رکھ دی ہے جس پر سٹرکچرکھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صوبے کا جو بھی کھلاڑی آگے آئے گا حکومت اس سے تعاون کرے گی جبکہ تعلیمی اداروں سمیت تمام کھیلوں کے مقابلوںمیں پوزیشن ہولڈرز کی فیس معاف کر دی جائے گی یا حکومت خود ادا کرے گی۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملک سعدسپورٹس ٹرسٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا عابد سعید٬ انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی امجد عزیز ملک ڈاکٹر احسان علی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس کو ادارے کی مجموعی کارکردی٬ آمدنی ٬اخراجات٬ مقابلوں کے انعقاد٬ اب تک کھیلوں کی تقاریب میں دیئے گئے انعامات٬ مستقبل کیلئے مجوزہ پروگرام اور دیگر اہم پہلوئوں سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں اگلا سپورٹس گالہ مہمند ایجنسی میں منعقد کرنے کی تجویز دی گئی جس سے اتفاق کیا گیا تاہم وہاں کے حالات اگر مناسب نہ ہوئے تو پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔

اسی طرح خواتین کے T-20 کرکٹ مقابلے پشاور میں کرانے پر اتفاق کیا گیا ۔حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی مینجمنٹ کمیٹی کو آزمائشی بنیادوں پر کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا ۔ کمیٹی کا نمائندہ بورڈ میں پہلے سے موجود ہے۔اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور منتظمین کو نقد انعامات سے نوازا گیا ۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں صاحبزادہ حلیم ٬ حمزہ رحیم ٬ عزیر خان اور تیمور ایاز شامل ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی 76تحصیلوں اور 25سکولوں میں گرائونڈز کی تعمیر جاری ہے جن میں سے 50مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ میں بھی بعض تکمیل کے مراحل میںہیں۔ وزیراعلیٰ نے مقامی کمیٹیوں کو منیجمنٹ بورڈ میں نمائندگی دینے جبکہ صوبائی سطح پر بورڈ میں پرائیویٹ سیکٹر سے مزید چار افراد لینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ منیجمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل جلد مکمل کی جائے۔ تنخواہیں اور دیگر اخراجات کیلئے ایک سسٹم بنا لیں حکومت وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ کروڑ روپے گرانٹ پہلے سے دے چکے ہیں۔ محکمہ کھیل مزید گرانٹ کیلئے تجویز دے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہر تحصیل میں گرائونڈ کی تعمیر سے کھیلوں کو مقامی سطح پر فروغ ملے گا اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو گرائونڈز بن چکے ہیں ان کو بہترین طریقے سے چلانا ہے تا کہ مطلوبہ اہداف حاصل ہو سکیں۔ہم نے حکومت کے اس پروگرام کو کامیاب کرنا ہے اور اسے مزید اعلیٰ معیار اور سطح پر لیکر جانا ہے۔پرویز خٹک نے کہاکہ حکومت صوبے میں بین الاقوامی طرز پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کیلئے کھلاڑیوں کی تیاری اور مقامی سطح پر بھی کھیلوں کے معیاری مقابلوں کیلئے منظم انداز میں آگے بڑھ رہی ہے ۔

نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے کھیلوں میں صوبے کا مستبقل بہت روشن نظر آر ہا ہے اب یہ منتظمین پر ہے کہ وہ اس ٹیلنٹ کو کیسے تلاش اور آگے بڑھنے کا موقع دیتے ہیں۔ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور یہ مستقبل جس کے ہاتھوں میں ہے ان کو اس کا ادراک کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں پہلے گھٹن کا احساس تھا نوجوان بھی اس سے کافی متاثر ہوئے ہیں اب ان کو آزاد اورمسحور کن لمحات میں سانس لینا نصیب ہوا ہے۔ حکومت ان کو ایسا ماحول دینا چاہتی ہے کہ وہ اپنے مستقبل کو بہترین انداز میں پروان چڑھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :