کٹھ پتلی انتظامیہ پر امن احتجاجی پروگراموں کو طاقت کے بل پر دبا رہی ہے‘ میر واعظ فورم

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:53

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم فورم نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ متحدہ مزاحمتی قیادت کے اعلان کردہ پر امن احتجاجی پروگراموں کو طاقت کے وحشیانہ استعمال سے دبانے کی کارروائیوں میں مصروف ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجما ن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سوپور٬ پلوامہ٬ اور بڈگام میں احتجاجی ریلیو ں میں شریک بیسیوں افراد کو فائرنگ ٬ آنسو گیس کی شیلنگ اور پیلٹ کے ذریعے زخمی کرنے کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اس طرح کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔ ترجمان نے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کے مطالبے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت پر اسکا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری صحافیوں کو ہراساں کرنے اور انکے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹیں ڈالنے اور سوپور کے علاقے آرم پورہ میں مسجد اور زیارت کو نذر آتش کرنے کی بھی شدید مذمت کی۔