پارٹی الیکشن میں چوہدری پرویز الہٰی کی بلامقابلہ کامیابی جمہوری عمل کا حصہ ہے ٬ ناصر رمضان

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی انتخابات میں بھی کارکن بھر پور شرکت کرینگے

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:53

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصررمضان گجرو دیگر رہنمائوں نے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے انٹراپارٹی انتخابات میں چوہدری پرویز الہٰی کو بطور صدر ٬چوہدری ظہیرالدین خان کو جنرل سیکرٹری اور میاں عمران مسعود کی سیکرٹری اطلاعات بلامقابلہ کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کے پارٹی الیکشن میں چوہدری پرویز الہٰی اور انکی ٹیم کی بلامقابلہ کامیابی جمہوری عمل کا حصہ ہے ٬انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ایک جمہوری پارٹی ہے اور اس میں ہر سطح پر انتخابات کے ذریعے عہدیداران کا چنائو کیا جاتا ہے٬ ضلعی و سٹی انتخابات کی تکمیل کے بعد پنجاب کی جنرل کونسل کے اجلاس میں پنجاب بھر کے مسلم لیگی ممبران و عہدیداران نے بھر پور شرکت کرکے چوہدری برادران پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے٬ ناصر رمضان گجر نے کہا کہ اسلام آباد میں پاکستان کے مرکزی انتخابات میں کارکن بھر پور انداز میں شرکت کرینگے اور اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کرکے پاکستان کے مرکزی عہدیداروں کا چنائو کرینگے ٬ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ایک نظریاتی جماعت ہے جس میں ہمیشہ نظریاتی کارکنوں کو اہم عہدے دیئے گئے۔