Live Updates

عمران خان کی جانب سے 2 نومبرکو اسلام آبادبند کرنے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

آزادی اظہار رائے کا مطلب ملکی سالمیت کو خطرہ میں ڈالنا نہیں ٬ عمران خان تھرڈ امپائر کے ذریعے حکومت گرانے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں٬اقدام سے روکا جائے ‘ درخواست گزار کا موقف

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے 2 نومبرکو اسلام آبادبند کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔یہ متفرق درخواست لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس نے سینئر قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان تھرڈ امپائر کے ذریعے حکومت گرانے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں اور اب انہوں نے 30 ستمبر کو اپنی تقریر میں اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دی جو غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے۔

(جاری ہے)

آزادی اظہار رائے کا مطلب ملکی سالمیت کو خطرہ میں ڈالنا نہیں ہے٬ اگر اسلام آباد بند کیا گیا تو پارلیمنٹ٬ سپریم کورٹ٬ کیبنٹ سیکریٹریٹ اور تمام سرکاری محکمے بھی بند ہوجائیں گے۔ درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ جوڈیشل کمیشن بھی عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کو غلط ثابت کرچکا ہے٬ قانون کے مطابق اپوزیشن٬ ریاست کے تابع ہے٬ اپوزیشن٬ ریاست کی نمائندہ حکومت کو ہٹانے کی کوشش نہیں کرسکتی جبکہ عمران خان اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکومت کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعاہے کہ عمران خان کو اس اقدام سے روکا جائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :