سکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے٬صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:42

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ڈی ایس ڈی کے سی پی ڈی(Continuous Professional Development) پروگرام کے تحت 3 لاکھ55ہزار اساتذہ کی تربیت کی جا چکی ہے٬پنجاب حکومت ٬ کینیڈین حکومت کے تعاون سے پاک کینیڈا ڈیٹ سویپ پراجیکٹ کے تحت ڈی ایس ڈی سمیت پنجاب بھر میں اساتذہ کے ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے انفرا سٹرکچر کو اپ گریڈ کر چکا ہے اورخواتین اساتذہ کیلئے ڈی ایس ڈی میں ہاسٹل کی تعمیر اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے٬ یہ بات انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں خواتین اساتذہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی٬ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنرپیری جان کالڈروڈ پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایس ڈی سعید رمضان ٬پراجیکٹ ڈائریکٹر پی سی ڈی ایس پی شگفتہ زریں٬ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر انیلہ حسن کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ٬ان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکولوں کے اساتذہ ٹریننگ اداروں کو فرنیچر٬ جدیدسائنس لیبز٬کمپیوٹر لیبز اورالیکٹرانک لائبریریزفراہم کی گئی ہیں٬ مزید برآںسکولوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے اس دفعہ بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے تاکہ طلباء اور اساتذہ کو بہترین تعلیمی ماحول مہیا کیا جا سکے٬اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنرپیری جان کالڈروڈ کا کہنا تھاکہ ملک کی ترقی میں خواتین کو empowerکیا جا نا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

تمام پنجاب سے ٹریننگ کیلئے آنے والی خواتین اساتذہ کیلئے یہ ہاسٹل ایک اہم سہولت ہے جو کہ انہیں تربیت کے دوران اچھا ماحول فراہم کرے گی٬اس موقع پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایس ڈی سعید رمضان کا کہنا تھا کہ اسا تذہ کو دوران تربیت جدید سہولیات فراہم کرنا ڈی ایس ڈی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورڈی ایس ڈی تربیتی پروگرامز کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے زیر تربیت اسا تذہ کو جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیںاور وہ ڈی ایس ڈی کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کر نے پر PMU-PCDSPکا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر پی سی ڈی ایس پی شگفتہ زریں اورڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر انیلہ حسن کا کہنا تھا کہ ہاسٹل 4فلورز پر مشتمل ہے جس میں جدید سہولیات سے آراستہ 52کمرے جس میں ایک کامن روم ا ور ایک ڈائننگ ہال تعمیر کئے گئے ہیں ٬ جس میں 100خواتین اساتذہ کے لئے گنجائش ہے۔ اس ہاسٹل کی تعمیر پر نو کروڑ کی لاگت آئی ہے۔