ملک معاشی نقصان اٹھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا٬ محاذ آرائی کی سیاست سے گریز کیا جائے٬صدر لاہور چیمبر

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:42

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان نقصان اٹھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا ٬ سیاسی جماعتیں احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کرکے ملک کو بھاری نقصان پہنچانے کے بجائے سب سے پہلے ملک کے مفادات مد نظر رکھیں٬ملک کو پہلے ہی بہت سے چیلنجز درپیش ہیں٬ تمام طبقات ہائے فکر بالخصوص سیاستدانوں کو ملک کے معاشی حالات بہتر بنانے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی انارکی پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ملک کے لیے معاشی چیلنجز شدت اختیار کرتے جارہے ہیں ٬ ان حالات میں ملک سیاسی انارکی کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی انارکی پھیلتی رہی تو حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتیں احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کرکے ملک کو بھاری نقصان پہنچانے کے بجائے سب سے پہلے ملک کے مفادات مد نظر رکھیں اور اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی سیاست کو ترک کرنا اور ملک میں تجارتی و معاشی سرگرمیاں پھلنے پھولنے دینا ہر ایک کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے ٬ان حالات میں جب ملک کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے٬ یہ کسی بھی معاشی نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ عبدالباسط نے سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور احتجاج کرکے معیشت کو بھاری نقصان پہنچانے کے بجائے اپنے مسائل پارلیمنٹ کے ذریعے حل کریں۔

متعلقہ عنوان :