حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں اقتصادی صورتحال بہتر ہو ئی ہے٬ممنون حسین

عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ کرنے کیلئے تاجر برادری ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرے ٬ صدر مملکت کی اسلام آباد چیمبر کے وفد سے گفتگو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں اقتصادی صورتحال بہتر ہو ئی ہے٬ تاجر برادری ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرے تاکہ عوام کوبنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اضافہ ہو سکے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدرخالد اقبال ملک کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور خطے میں خوشحالی آئے گی۔ اس عظیم منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تاجر برادری حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی معاشی اور اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں اور حکومت کی موجودہ معاشی ٹیم پاکستان کو آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران ملک کی ترقی اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اور تاجر برادری کیدرمیان ایک پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیصدرخالد اقبال ملک نے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور سازگار کاروباری ماحول مہیا کرنے پر حکومت کی کاوشوں کوسراہا۔

انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں کاروبار میں اضافہ ہوا ہے اور تجارت کیمواقع ملے ہیں۔ چیمبرکے صدر نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار وفود کی شکل میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور انھوں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لحا ظ سے بہتر ملک قرار دیا ہے جو ایک مثبت قدم ہے۔ چیمبرکے صدر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مسائل کے بارے میں صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ جس پر صدر مملکت نے وفد کو مسائل کے حل کی یقین د ہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :