الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر فوری طور پرآل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے٬جماعت اسلامی

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نفرتوں کی سیاست کر رہی ہے اس کو ترک کرنا چاہیے٬ اسداللہ بھٹو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:30

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان نے حکومت سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر فوری طور پرآل پارٹیز کانفرنس بلایا جانے کا مطالبہ کیا ہے٬ جمعرات کے روز سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ٬ سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹونے کہا کہ اس ضابطہ اخلاق کے حوالے سے فور ی طور پر اے پی سی طلب کی جانا چاہیے تاکہ اس پر تمام جماعتوں کا اعتماد میں لیا جا سکے اورتمام پارٹیز باہم مل کر اس کو قابل قبول بنائیں اور ملک بھر میں ضابطہ اخلاق کو نافذ العمل کیا جائے ٬ آئندہ عام انتخابات کے شفاف فیئر غیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے یہ اشدضروری ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نفرتوں کی سیاست کر رہی ہے اس کو ترک کرنا چاہیے ہم سب پاکستانی ہیں دونوں جماعتیں نفرت کی سیاست سے پاک کریں۔ انہوں نے مذید کہا کہ کراچی سے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کو منتقل کرنے کے فیصلہ کو واپس لیا جائے اس سے مالیاتی نظام کے درہم برہم ہونے کے خطرات ہیں اسٹیٹ بنک آف پاکستان کو بدستور یہاں ہی کام کرنے دیا جائے ۔