شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں ’’حیاتیاتی کیمیا کی پرکھ‘‘ کے عنوان پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:30

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکے انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے زیرِ اہتمام بائیو ایکٹو تحقیق کیلئے ’’حیاتیاتی کیمیا کی پرکھ‘‘ کے عنوان پر ایک تربیتی ورکشاپ منعقد ہوا٬ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پروفیسرڈاکٹر نور احمد شیخ پرووائیس چانسلر مین کیمپس کی صدارت میں ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اس موقع پر اعزازی مہمان تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد کیمیائی اور حیاتیاتی سائنس میں محققین کے تحقیقی مسائل کو حل کرنا ہے۔ یہ ورکشاپ محققین اور طلبہ و طالبات کیلئے ایک تربیت بھی ہے جس سے وہ جدید ٹیکنالاجی کے ذریعے کیمیا اور حیاتیاتی سائنس میں تحقیق اصولوں کے مطابق سرانجام دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن نے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد میں وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کا کردار نہایت کلیدی اور حوصلہ افزا ہے۔

یہ پلیٹ فارم طلبہ و طالبات کو ماہرین سے تحقیقی مسائل پر گفت و شنید کا موقع فراہم کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں انفرادی اور مقامی و بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے تحقیق جاری ہے ۔ ورکشاپ کی کوآرڈنیٹر پروفیسر ڈاکٹر تجنیس پیرزادہ نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد شاہد نے بائیو ایکٹو تحقیق کیلئے حیاتیاتی کیمیا کی پرکھ٬ ڈی این اے کی اہمیت و افادیت پر خطاب کیا۔