Live Updates

عمران خان کا 2 نومبرکو اسلام آباد بند کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:30

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا 2 نومبرکو اسلام آباد بند کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا٬ یہ متفرق درخواست لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس نے سینئر قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے٬ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تیس ستمبر کو اپنی تقریر میں اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دی جو غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے٬ عمران خان تھرڈ ایمپائر کے ذریعے حکومت گرانے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں٬ درخواست گزار نے اعتراض کیا ہے کہ اگر اسلام آباد بند کیا گیا تو پارلیمنٹ٬ سپریم کورٹ٬ کیبنٹ سیکریٹریٹ اور تمام سرکاری محکمے بھی بند ہوجائیں گے٬ آزادی اظہار رائے کا مطلب ملکی سالمیت کو خطرہ میں ڈالنا نہیں ہے٬ جوڈیشل کمیشن بھی عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کو غلط ثابت کرچکا ہے٬ قانون کے مطابق اپوزیشن٬ ریاست کے تابع ہے٬ اپوزیشن٬ ریاست کی نمائندہ حکومت کو ہٹانے کی کوشش نہیں کرسکتی جبکہ عمران خان اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکومت کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں٬ اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے اپنی متفرق درخواست میں استدعا کی ہے کہ عمران خان کو سپریم کورٹ٬ کیبنٹ سیکرٹریٹ٬ محکمہ خارجہ اور دوسرے اہم ادارے بند کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات