حکومت اختراعی بنیاد پر معاشی ایجنڈے کے حصول کو انتہائی اہمیت دیتی ہے

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کا پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام مشاورتی ورکشاپ سے خطاب

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اختراعی بنیاد پر معاشی ایجنڈے کے حصول کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔سائنس و ٹیکنالوجی اور اختراع وژن 2025 کے تقریباً تمام اہداف میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے تاہم توانائی٬ فوڈ سیکورٹی٬ پانی٬ حفظان صحت٬ اعلی تعلیم کے تمام شعبوں اور خدمات کی موثر ترسیل اور برآمدات میں اضافہ سائنس و ٹیکنالوجی کی براہ راست مداخلت کے بغیر ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی (پی سی ایس ٹی) کے زیر اہتمام نیشنل سائنس و ٹیکنالوجی٬ اختراعی حکمت عملی اور عملی منصوبہ کے بارے میں سٹیک ہولڈرز کے مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت سائنس و ٹیکنالوجی اور اختراعی بنیادوں پر معاشی ایجنڈے کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔

انہوں نے ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو درپیش چیلنجوں اور اس کے حل کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی تفصیل سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں دستاویز کی تیاری میں وفاقی سیکرٹری کی ذاتی کوششوں اور ہر مرحلے میں انکی رہنمائی اور مشاورت کو سراہا۔ وفاقی سیکرٹری برائے سائنس و ٹیکنالوجی فضل عباس مکین نے تقریب کے تکنیکی سیشن کی صدارت کی۔ اسکے علاوہ وفاقی سیکرٹریز٬ صوبائی چیف سیکرٹریز٬ ایس اینڈ ٹی/آر اینڈ ڈی اداروں٬ نامور سائنسدانوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے ورکشاپ میں شرکت کی۔

فضل عباس مکین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی اور اختراع وژن 2025کے تقریبا تمام اہداف میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے٬تاہم توانائی٬فوڈ سیکورٹی٬پانی٬حفظان صحت٬ اعلی تعلیم کے تمام شعبوں اور خدمات کی موثر ترسیل اور برآمدات میں اضافہ سائنس و ٹیکنالوجی کے براہ راست مداخلت کے بغیر ممکن نہیں۔ پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئر مین پروفیسر انوار الحسن گیلانی نے مکمل نظر ثانی شدہ مراحل کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا اور نیشنل سائنس و ٹیکنالوجی ٬اختراعی حکمت عملی اور عملی منصوبہ کے اہم خصوصیات کو اجاگر کیا۔

نیشنل سائنس٬ ٹیکنالوجی اور اختراعی حکمت عملی اور عملی منصوبہ کے مشاورتی مرحلے کے ساتھ اس امر کا فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل کمیشن برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے کے لئے٬ جس کی صدارت وزیر اعظم کریں گے٬ انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیںاور نیشنل کمیشن برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا یہ اجلاس جلد متعقد ہو گا۔ پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی ( پی سی ایس ٹی) نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ہدایت پر سائنس ,ٹیکنالوجی اور اختراع کی حکمت عملی برائے سال 2014-2018 تیار کیا ہے۔

حکومتی وژن 2025 کے ساتھ مذکورہ حکمت عملی کو مربوط کرنے کے لئے٬ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا اور مختلف طریقہ کار کی نشاندہی کے لئے مشاورتی اداروں کے ساتھ مشاورت کر کے نیشنل سائنس٬ ٹیکنالوجی اور اختراعی حکمت عملی اور عملی منصوبہ کے لئے ایک مسودہ تیار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :