حکومت نے ریاست کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے میگا پراجیکٹس کیلئے اقدامات کر رہی ہے٬سردار میراکبر خان

گزشتہ حکومت نے خزانہ خالی کرکے 22ارب روپے خسارے کابجٹ دیا٬فاروق حیدر آزاد کشمیر کو معاشی خوشحالی کی طرف لیجانے کیلئے جامع حکمت علمی کی طرف گامزن ہیں ٬ زیر جنگلات آزاد کشمیر

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:28

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) آزاد حکومت کے وزیر جنگلات وآثار قدیمہ فشریز سردار میراکبر خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریاست کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے میگا پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔گزشتہ حکومت نے خزانہ خالی کرکے 22ارب روپے خسارے کابجٹ دیا وزیراعظم آزاد کشمیر معاشی اور خوشحالی کی طرف لیجانے کے لیے جامع حکمت علمی کی طرف گامزن ہیں ۔

حکومت آزاد کشمیر کی ترقیاتی عمل کی رفتار کوبڑھانے اور ترقی کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانے کے لیے موجودہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے نیاترقیاتی منصوبہ وزیر اعظم کیمونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پرورگرام شروع کررہی ہے اس منصوبہ کاحجم سواارب روپے کا ہوگا جس کے تحت بجلی ٬پبلک ہیلتھ ٬صحت اور دیگر عوامی مسائل کو حل کیاجائیگا ۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ آزاد کشمیر میں ترقی کی جانب ایک اقدام ہوگا ان خیالات کااظہار انہوںنے باغ میں صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹورازم اورہاہیڈرل میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر ہیں ۔حکومت اس سکیٹر کی خصوصی توجہ دے رہی ہے سیاحت کے فروغ کیلئے چکار نون بگلہ سدھن گلی لسڈنہ نیزہ گلی پولی پیر بنجوسہ تک ایک سو پانچ کلومیٹر نئی سٹرک کو ریڈور منصوبے سے شروع کرنے کے لیے کابینہ نے منظوری دے دی ہے اس منصوبے کے تحت پر تین کلومیٹر کے فاصلے پر سیاحوں کے لیے سہولیات تعمیر کی جائیں گی ۔نیلم ویلی کے بعد اس علاقے کا قدرتی حسن دیکھنے کیلئے پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے سیاح ان علاقوں میں تفریح کے لیے آئیں گے جن سے یہاں کے لوگوں کو کاروبار کے مواقع میسرہوں گے۔