تین روزہ قومی’’ ایگری ٹورازم میلہ‘‘ 11 نومبر سے گٹ والا ایگری ٹورازم ویلج میں منعقد ہوگا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 14:18

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) تین روزہ قومی ایگری ٹورازم میلہ 11 نومبر بروز جمعہ سے گٹ والا ایگری ٹورازم ویلج میں منعقد ہوگا جبکہ میلہ کے شاندار انعقاد کیلئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جنہوں نے بھر پور طریقے سے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کلچر ونگ فیصل آباد کے تحصیل صدر بشارت علی گادھی نے ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ عامر ٹا$ن کینال روڈ کے گٹ والا ایگری ٹورازم ویلج میں منعقد ہونے والے اس میلہ کے تینوں ایام میں جمعہ سے اتوار تک ثقافتی و زرعی نمائشوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ جدید زرعی آلات اور بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی سے روشناسی کے علاوہ ایگری وزٹ٬گڑمیلہ ٬ ہارس اینڈ کیٹل شو ٬ فارمرز بازار ٬ پتلی تماشا٬ دیہاتی کھانوں پر مشتمل ویلج فوڈ کورٹ ٬ بچوں کیلئے تفریحی پروگرامات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میلہ میں اہم زرعی ادویات و آلات بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے خصوصی سٹال لگائے جائیں گے تاکہ کاشتکاروں٬ کسانوں٬ زمینداروں کو جدید معلومات٬ اطلاعات٬ رہنمائی سے آگاہی مل سکے٬ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر ماہرین زراعت کاشتکاروں کو مفید مشوروں سے نوازنے کے علاوہ ان کے مسائل کے حل کیلئے سفارشات بھی پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میلہ کی انتظامیہ کو کئی دیگر اداروں کا تعاون بھی حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میلہ میں شعبہ زراعت کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔ انہوںنے کاشتکاروں ٬ کسانوں٬ زمینداروں اور دیہی و شہری عوام سے بھی بڑھ چڑھ کر میلہ میں شرکت کی استدعا کی ہے۔