فہمیدہ صوفی کو کالے قانون پی ایس اے کے تحت بارہمولہ جیل منتقل کردیاگیا

انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے فہمیدہ پر پی ایس اے لاگو کیاگیا ہے ٬دختران ملت

جمعرات 20 اکتوبر 2016 13:07

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیںکٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء فہمیدہ صوفی کوکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بارہمولہ سب جیل بھیج دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی سیکریٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 41 دن کے پولیس ریمانڈ کے بعد فہمیدہ کو گزشتہ روز عدالتی احکامات پر رہائی کے فورا ًبعد دوبارہ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب فہمیدہ صوفی کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بارہمولہ سب جیل منتقل کردیا گیاہے ۔ناہیدہ نسرین نے کہاکہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی خود عورت ہونے کے با وجودخواتین پرظلم ڈھا رہی ہے اور عورتوں کو گرفتار کرنے میں انہیںکوئی شرم اورعارمحسوس نہیں ہورہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فہمیدہ کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے انکے خلاف کالا قانون پی ایس اے لاگو کیاگیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ 1947 کے بعد کشمیری خواتین نے تحریک آزادی کشمیرمیں انتہائی اہم کرداراداکیا ہے۔دریں اثناء سیکریٹری جنرل نے کپواڑہ میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی گرفتاری کو موجودہ حکومت کا شرمناک عمل قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :