سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال میں کمی نہیں آئی ، مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جعلی مقابلوں اور اجتماعی قبروں کی اطلاعات ہیں۔ بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کیا جانے والا ناروا سلوک افسوسناک ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:43

سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترجمان ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 اکتوبر 2016ء) : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور عوام کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ بھارت عالمی برادری کی کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کئی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال میں تاحال کمی نہیں آئی۔ میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر مختلف بین الاقوامی فورمز پر معاملہ اٹھایا۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل نے گذشتہ روز کشمیر پر ٹھوس قرارداد منظور کی۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے اقدام خوش آئند ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ آذر بائیجان کامیاب رہا۔ آذر بائیجان کے وزیر خارجہ نے کشمیر پر عالمی برادری کے معیارات کو دوہرا قرار دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جعلی مقابلوں اور اجتماعی قبروں کی بھی اطلاعات ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چھ روزہ آرمی مقابلوں مین چھ ممالک کی افواج نے حصہ لیا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ناروا سلوک پر افسوس ہے ۔ پاکستان سندھ طاس معاہدے پرنظر رکھے ہوئے ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ بھارت نوے سے زائد مرتبہ ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

کریلہ سیکٹرپربھارتی گولہ باری اور فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہیں، کریلہ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے ایک شہادت ہوئی ، جبکہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پانچ افرادزخمی ہوئے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اور ادارے پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، ماضی میں بھی پاک بھارت تنازعات کے حل میں ثالثی کی کوششوں کاخیرمقدم کیا۔سارک کانفرنس اس سے قبل بھی 8 بار ملتوی ہو چکی ہے۔

8 میں سے 5 بار سارک کانفرنس بھارت نے ملتوی کروائی۔ برہان وانی کی شہادت کےبعد دنیا بھرمیں بھارتی مظالم پرآوازیں اٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ برکس سیشن میں بھارت کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ ناکام ہوچکا ہے،بھارت کی پاکستان کوبین الاقوامی طورپرتنہا کرنیکی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی ۔ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کے بھارتی دعوے مضحکہ خیز ہیں۔

بھارت کا بین الاقوامی فورمز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ پاکستان خطے میں معاشی روابط کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے اورسی پیک اور گیس پائپ منصوبہ اس کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم طالبان کے ایران یا کسی اور ملک سے روابط پربات نہیں کرتے۔ جنگجو دھڑوں میں مذاکرات افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ البتہ ہم افغان حکومت اورحزب اسلامی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان افغان مفاہمتی عمل پایہ تکمیل تک پہنچانےکا خواہشمند ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ 4 ملکی مذاکرات مناسب فورم ہے۔ پاکستان اس فورم کے تحت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :