فرینکفرٹ کے عالمی کتاب میلہ میں سو سے زائد ممالک کی شرکت

جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:53

فرینکفرٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں بین الاقوامی کتاب میلہ شروع ہو گیا ہے۔ دنیا میں اپنی نوعیت کی اس سب سے بڑی تجارتی نمائش میں سو سے زائد ملکوں کے سات ہزار سے زیادہ نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔اس سال اس عالمی نمائش کا اہتمام 68 ویں مرتبہ کیا جا رہا ہے اور منتظمین کے مطابق اس مرتبہ فرینکفرٹ بک فیئر میں مختلف براعظموں میں کتابی صنعت سے وابستہ 100 سے زائد ملکوں کے 7100 سے زائد نمائش کنندہ اشاعتی اور تجارتی ادارے حصہ لے رہے ہیں۔

اس سال اس میلے کے موقع پر٬ جو آئندہ اتوار تک جاری رہے گا٬ مجموعی طور پر قریب 4000 تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے اور منتظمین کو توقع ہے کہ اس نمائش کو دیکھنے کے لیے آنے والے اپنے اپنے ملکوں میں کتابی صنعت کے نمائندہ افراد کی تعداد تین لاکھ تک رہے گی۔

(جاری ہے)

ہفتے اور اتوار کے روز فرینکفرٹ کتاب میلے کو کتب بینی کے شائق عام شہریوں کے لیے بھی کھول دیا جائے گا اور وہ بھی لاکھوں کی تعداد میں اس عالمی نمائش کا رخ کریں گے۔

اس سال اس عالمی نمائش کے خصوصی مہمان 79 سالہ برطانوی آرٹسٹ ڈیوڈ ہاکنی ہیں٬ کیونکہ اس سال اس اجتماع میں ایک موضوع کے طور پر فن اور فن کاروں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں متعدد مباحثوں اور سیمینارز کا موضوع آزادی اظہار اور ڈیجیٹل دور میں فن کو بنایا گیا ہے۔ کتاب میلے کے منتظمین کے بقول موسیقی٬ فلم انڈسٹری اور اشاعتی شعبوں کے بعد اب فن و ثقافت کا شعبہ بھی ڈیجیٹل دور میں داخل ہو چکا ہے٬ اس لیے اس بارے میں بھی کھل پر تبادلہ خیال کیا جانا چاہیے۔