اسرائیلی جیلوں میں دو فلسطینی اسیران کی 15 دن سے بھوک ہڑتال جاری

جمعرات 20 اکتوبر 2016 12:50

جنین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2016ء)قابض صہیونی فوج کی جانب سے انتظامی قید میں ڈالے گئے دو فلسطینی اسیران مجد ابو شملہ اور حسن ربایعہ نے بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ دونوں بھوک ہڑتالی اسیران کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے میثلون اور یعبد قصبے سے ہے اور وہ گذشتہ 15 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیر ابو شملہ کے والد نے بدھ کے روز بتایا کہ اس کا بیٹا اسرائیل کے جزیرہ نما النقب کی جیل میں قید ہے۔

(جاری ہے)

صہیونی فوج نے بھوک ہڑتال ختم کرانے کے لیے اس پر طرح طرح کے تشدد کے حربے بھی آزمائے ہیں مگر اس کے باوجود وہ بھوک ہڑتال جاری رکھنے پر پرعزم ہے۔ مجد ابو شملہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صہیونی ریاست کے ہرطرح کا جبرو تشدد برداشت کرے گا مگر رہائی تک بھوک ہڑتال جاری رکھے گا۔

ادھر دوسری جانب فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے قیدی مجد ابو شملہ اور حسین ربایعہ کی ہڑتال کو دو ہفتے مکمل ہوچکے ہیں۔ دونوں اسیران جزیرہ نما النقب کی جیل میں بدترین حالات میں قید تنہائی کا شکار ہیں۔۔