پرکھنے کا معیار رنگ و نسل نہیں٬گورنر ورجینیا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 11:20

ورجینیا ۔ 20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) امریکی ریاست ورجینیا کے گورنر ٹیری مکالف نے کہا ہے کہ وہ رنگ و نسل کی بنیاد پر شہریوں کی پروفائلنگ کے قائل ہیں اور نہ وہ اس طرح کے کسی عمل کی اجازت دے سکتے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹیری مکالف نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 16 ملین افراد کو ملک بدر کرنے اور مسلمانوں کے ملک میں داخلے کو بند کرنا چاہتے ہیں٬ یہ انتخابات امیگرنٹ کمیونٹی کے لیے بے حد اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر ورجینا کا کہنا تھا کہ روس امریکا کے انتخابات پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے اور وہاں سے الیکٹورل سسٹم کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ٹیری میکالف نے گزشتہ روز فیرفیکس کائونٹی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر دفتر میں مختلف ممالک کے میڈیا کے لیے امریکا کے اندر کام کرنے والے صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں اور تارکین وطن کے خلاف ہیں اور برملا اس کا اظہار کر چکے ہیں جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلری کلنٹن بحیثیت وزیرخارجہ مختلف لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ملک کے اندر متوسط طبقے کے فروغ کے لیے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔