روسی پارلیمنٹ نے امریکا کے ساتھ پلوٹونیم معاہدہ معطل کرنے کی منظوری دے دی

جمعرات 20 اکتوبر 2016 11:19

ماسکو۔ 20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) روس کے ایوان زیریں ’’ ڈوما‘‘ نے امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیار بنانے کی سطح کے پلوٹونیم کے استعمال سے متعلق معاہدے کی معطلی کے بارے میں صدر ولادی میر پیوٹن کے دستخطوں سے بھیجے گئے فرمان کی متفقہ منظوری دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ولادی میر پیوٹن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ واشنگٹن کی غیر دوستانہ کارروائیوں کے نتیجے میں اسٹریٹیجک استحکام کے لیے خطرات ابھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا٬ روس کی سرحدوں کے قریب تعینات کی جانے والی اپنی فورسز ہٹا لیتا ہے اور روس مخالف پابندیاں ختم کر دیتا ہے تو یہ معاہدہ بحال ہو سکتا ہے۔روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے قانون سازوں کو بتایا کہ اگر واشنگٹن نے روس کے خلاف پابندیوں کو سخت کیا تو ماسکو ایسے اقدامات کر سکتا ہے جو امریکا کے لیے تکلیف دہ ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا اور روس کے درمیان 2000 میں طے پانے والا معاہدہ٬ جس کی 2010 میں تجدید کی گئی تھی٬ دونوں جوہری قوتوں سے اپنے دفاعی پروگراموں میں ہتھیاروں کی سطح کی پلوٹونیم کے غیر دفاعی استعمال سے متعلق ہے۔ اس معاہدے میں یہ تقاضا کیا گیا ہے کہ وونوں ملک اعلیٰ معیار کے پلوٹونیم کی ایک خاص مقدار کو٬ جسے ہتھیار بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے٬ غیر فوجی استعمال میں لانے کے پابند ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :