سابق صدر مملکت سردار فاروق لغاری کی چھٹی برسی (کل ) منائی جائے گی

بدھ 19 اکتوبر 2016 22:05

لاہور /ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء) سابق صدر مملکت سردار فاروق احمد خان لغاری کی چھٹی برسی (کل ) جمعرات کو منائی جائے گی ۔وہ نومبر1993 تا دسمبر1997 تک پاکستان کے صدر رہے۔سردار فاروق احمد خان لغاری پاکستان کے ایک معروف سیاستدان تھے وہ جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی زیریں میں پیدا ہوئے انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں سینیٹر بن کر اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا۔

1993 کے انتخابات میں وہ ریکارڈ ووٹوں سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے انہیں وزیر خارجہ بنایاا ور بعدازاں وہ صدارتی انتخابات میں مد مقابل وسیم سجاد کو شکست دے کر صدر مملکت منتخب ہو گئے۔ نومبر1996 کو وزیر اعظم بے نظیربھٹو سے اختلافات کی بنا پر صدر فاروق احمد لغاری نے اسمبلی تحلیل کر دی۔

(جاری ہے)

1997 میں نواز شریف کی حکومت سے تنازع پر وہ صدر مملکت کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔

سردار فاروق احمد خان لغاری نے ملت پارٹی کے نام سے اپنی جماعت بنائی انہوں نے بطور وفاقی وزیر اور سربراہ ملت پارٹی کے جہانیاں کے متعدد دورے کیے تھے ۔سردار فاروق لغاری نے بعد ازاں ملت پارٹی کو مسلم لیگ ق میں ضم کر دیاوہ سال2008 کے الیکشن میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔سردار فاروق احمد خان لغاری 20اکتوبر 2010 کو حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کر گئے تھے ۔