ریاست گیر چھاپوں٬ توڑ پھوڑ٬ تشدد ٬ گرفتاریاں قابل مذمت ہیں‘محمد یوسف نقاش

بدھ 19 اکتوبر 2016 18:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء)کل جماعتی حریت کا نفرنس کے سنئیر رہنما اور اسلامیک پو لٹیکل پارٹی کے چیر مین محمد یوسف نقاش نے ریاست گیر چھاپوں٬ محاصروں٬ توڑ پھوڑ٬ تشدد ٬ گرفتاریوں اور پی ایس اے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن وقانون کی آڑ میں حکومت یہاں کے عوام سے بدترین انتقام لے رہی ہے اور اس انتقام گیرانہ پالیسی کے تحت جموں کشمیر کے عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

نقاش نے کہاکہ ہٹلر اور چنگیز کی روح بھی یہ ظلم وبربریت دیکھ کر شرمندہ ہورہے ہوں گے٬ مگر ابن الوقت اور اقتدار پرست حکمرانوں کا ضمیر جاگنے کا نام نہیں لیتا ہے اور کل تک خیالات کی جنگ کی باتیں کرنے والوں نے اب باضابطہ طور جموں کشمیر کے نہتے اور پُرامن عوام کے خلاف باضابطہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

بدھوار کواخبار کیلئے جاری بیان میں نقاش نے کہا کہ فورسز کی یلغار اور چھاپہ مار کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

لوگوں کو خوف ودہشت میں مبتلا کیا گیا ہے۔نقاش نے وادی کشمیر میں جاری جبر و تشدد٬ شبانہ چھاپوں اور گرفتاریوںاور پرامن سیاسی قائدین و اراکین کو کالے قانون پی ایس اے کے تحت قید و بند میں ڈالنے کی سخت الفاظ میںمذمت کی ہے۔ انہوں نے رواں جدوجہد کے دوران سماج کے سبھی طبقوں سے وابستہ افراد کے جزبہ ایثار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہرحال میں استقامت کا مظاہرہ کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ پروگرام پر عمل درآمد کے دوران لوگ قربانیں پیش کررہے ہیں اور فوجی اور پولیس حکام کی جانب سے بے انتہا ظلم و ستم کا سامنا کررہے ہیں۔انہوںنے یاد دلایا کہ قربانیاں ہی منزل کا پتہ دیتی ہیں اور عظیم مقاصد کے حصول کے لئے بہر حال مادی سطح پر مسائل کا سامنا ایک لازمی امر ہے ۔انھوں نے مزاحمتی قائدین کی جانب سے دئے گئے پروگرام کو من و عن عملانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مستقل مزاجی اور پیہم جستجو کے مظاہرہ سے ہی ہم منزل پاسکتے ہیں۔