کشمیری خواتین مظاہرے ٬ ریلیاں اور مارچ کر کے تحریک آزادی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں٬ میر واعظ

بدھ 19 اکتوبر 2016 17:59

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں فورم نے مقبوضہ علاقے میں مظاہرے٬ ریلیاں اور پر امن مارچ کرنے پر کشمیری خواتین کا خیرمقدم کیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اطمینان اور فخر کا اظہار کیا کہ رواں جدوجہد آزادی میں جہاں بلا امتیازسماج کے تمام طبقے پیش پیش ہیں وہیں کشمیری خواتین بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں اورہر لحاظ سے سب سے زیادہ یہی متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ انہی کے بیٹے ٬ خاوند ٬ بھائی اوروالد یا کوئی نہ کوئی عزیز شہید یا پھرزندگی بھر کیلئے معذور کردیا گیا ہے ۔

انہوںنے مشترکہ حریت قیادت کے پروگرام کے مطابق خواتین روز اول سے کشمیر میں مظاہرے ٬ ریلیاں اور مارچ کرکے تحریک آزادی میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ رواں تحریک آزادی کے دوران کشمیری خواتین کی ایثار و قربانیاں بے مثال ٬ ناقابل فراموش اور قابل تحسین ہیں ۔ترجمان نے کہاکہ گزشتہ روز مشترکہ حریت قیادت کی جانب سے یوم خواتین کی کال کے پیش نظر خواتین نے سرینگر ٬سوپور ٬ زینہ گیر٬ بانڈی پورہ٬ بڈگام٬ پلوامہ٬ کولگام اور شوپیاں کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی بڑے بڑے جلوس نکالے اور اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے جبکہ سرکاری فورسز نے حسب روایت اپنی وحشیانہ کارروائیوں میںایک درجن سے زیادہ خواتین کو زخمی کر دیا جوکہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ سرکاری دہشت گردی ٬ قتل و غارت٬ انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک روا رکھنے کے باوجود مرد اور خواتین کے ساتھ ساتھ کشمیرکا بچہ بچہ آزادی کیلئے قربانیاں دے رہا ہے اور انشاء اللہ یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ترجمان نے نومبر میں امتحانات منعقد کرنے کے حوالے سے کٹھ پتلی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ تین ماہ کے پُر آشوب٬ سنگین اور خونین حالات نے عوام خاص طور پر طلباء کو شدید ذہنی کرب اور اذیت میں مبتلا کردیا ہے اور بیشتر طلباء نفسیاتی مسائل کا شکار ہو گئے ہیں اور ان حالات میں امتحانات کے انعقاد کا عمل قابل مذمت ہے ۔

انہوںنے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل نظربندی کی بھی مذمت کی۔