صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر علماء مشائخ ونگ کے سربراہ مولانا عبید اللہ فاروقی کی ملاقات

٬ مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ٬ بھارتی مظالم ٬ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی کوششوں اور منگ سب ڈویژن میں تعمیر و ترقی ٬ بڑی شاہرات اور رابطہ سٹرکوں کی پختگی و مرمت سمیت دیگر علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال

بدھ 19 اکتوبر 2016 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے معروف عالم دین اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر علماء مشائخ ونگ کے سربراہ مولانا عبید اللہ فاروقی کی ملاقات ٬ مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ٬ بھارتی مظالم ٬ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی کوششوں اور منگ سب ڈویژن میں تعمیر و ترقی ٬ بڑی شاہرات اور رابطہ سٹرکوں کی پختگی و مرمت سمیت دیگر علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صدر سردار محمد مسعود خان نے اس موقع پر کہا کہ عہدہ صدارت عوام اور منتخب نمائندوں کی امانت ہے ۔ اپنی ذمہ داریوں سے بطریق احسن عہدہ برآ ہونے کے لیے کوشاں ہوں۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کروانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی داستان بڑی ہولناک ہے ۔ آج وہاں کرفیو کا 104 دن ہے ۔

ہزاروں افراد کو بھارتی فوجیوں نے چھروں والی بندوقوں سے زخمی کر دیا ہے ۔ 1500 افراد کی آنکھوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ جس میں سے ساڑھے چھ سو افراد کلی یا جزوی طور پر بصارت سے محروم ہو چکے ہیں ۔ خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے ۔ میں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی راہداری قائم کی جائے ۔

اس حوالے سے دورہ امریکا اور اقوام متحدہ کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں ۔ جنہیں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ امید ہے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد پونچھ ڈویژن کا دورہ کیا ۔ سڑکوں کی حالت واقعی بہت خراب ہے ۔ منگ تا راولاکوٹ ٬ بھالگراں ٹائیں ڈھلکوٹ روڈ اور دیگر رابطہ سڑکوں کی حالت بہتر بنانا اولین ترجیح ہو گی ۔

منگ یونیورسٹی کیمپس کو مستحکم بنایا جائے گا ۔ پونچھ یونیورسٹی حکام سے کیمپس کو بہتر بنانے اور ایم فل کی کلاسوں کے اجراء کے حوالے سے بات کروں گا ۔ اس موقعہ پر مولانا عبیدا للہ فاروقی نے صدر آزاد کشمیر کو عہدہ صدارت پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ جیسی شخصیت کی اس عہدہ پر موجودگی اہل کشمیر کے لیے باعث فخر ہے ۔