برطانیہ بھارت پر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کیلئے دبائو ڈالے٬ عبدالرشید ترابی

کشمیریوں نے ثابت کر دیا بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے٬ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 19 اکتوبر 2016 15:06

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ٬کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ برطانیہ نے جس طرح سکارٹ لینڈ کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلے کا حق دیا ہے اسی طرح وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ کشمیریوں کو بھی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے٬بھارت کشمیریوں کو فوجی درندگی اور بندو ق کے زور پر غلام رکھنا چاہتا ہے مگر کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے ٬ان خیالات کااظہار انہوں نے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ٬اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ برمنگھم میں مسئلہ کشمیر پر تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام نیشنل کونسلرز کنونشن کے اثرات سامنے آنا شرو ع ہو گے ہیں ٬برطانوی ممبر آف پارلیمنٹ عمران حسین نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا وہ حوصلہ افزا ہے٬اس کنونشن سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے مسئلہ کشمیر سیاسی اور سفارتی محاذ پر اجاگر ہو رہاہے جو وقت اور حالات کا تقاضا ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر 8لاکھ قابض بھارتی افواج نے ظلم اور جبر کی انتہا کر دی ہے کشمیریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے ٬بھارت مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے نریندر مودی کے خطرناک عزائم پورے خطے کو ایٹمی جنگ کی جانب دھکیل رہے ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ ہوئی تو اس کے ذمہ دار مودی کے ساتھ ساتھ عالمی ادارے بھی ہوں گے جو مودی کے مظالم پر خاموش ہیں ٬عبدالرشید ترابی نے برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی سے کہا ہے کہ وہ بھرپور انداز سے یہاں اپنا کردار ادا کریں 27اکتوبر کو بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں ٬برطانیہ میں سیاسی ٬سفارتی محاذ پر ہونے والی کوششوں کے نتیجے میں بھارتی مظالم بے نقاب ہوئے ہیں اور ان کو مزید بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ٬نریندر مودی اس صدی کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے عالمی برادری انسانی حقو ق کے ادارے اس دہشت گرد ی اورخطرناک عزائم کا نوٹس لیں تا کہ دنیا میں امن قائم ہو سکے ٬انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم اور جماعتیں حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر ایک ہیں پوری قوم یکجان اور یک زبان ہو کر مسئلہ کشمیر دنیا میں اجاگر کرے تا کہ بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ وہ کشمیرمیں استصواب رائے کروائے ۔