کرالہ گنڈ کپواڑہ میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد سمیت 25 افراد گرفتار

بارہمولہ قصبے میں تلاشی کاروائیوںکے دوران 44افراد کو گرفتارکرلیا گیا

بدھ 19 اکتوبر 2016 14:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کرالہ گنڈ میںکریک ڈاون کر کے 25 شہریوں کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد بھی شامل ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی 30 اور32 راشٹریہ رائفلزور ایس او جی گروپ کے اہلکاروں نے کرالہ گنڈ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کی اور لوگوں کی شناختی پریڈ کرائی ۔

بھارتی فوج نے ا من وامان میں رخنہ ڈالنے اور فورسز پر پتھرائو کرنے کا جھوٹے الزامات کے تحت25 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گرفتاریوں کے لیے قابض انتظامیہ نے کرالہ گنڈ اور بیگ پورہ میں سخت پابندیاں عائد کی تھیں۔ نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فورسز نے آنسوگیس کی شلنگ بھی کی ۔ گرفتار ہونے والے افراد میں ایک ہی خاندان کی70 سالہ غلام محمد لون ٬ سجاد احمد لون ٬ رمیز راجا ٬ عبدالقیوم لون ٬ شہزاد احمد لون ٬ محمد رفیق لون ٬ جاوید احمد لون ٬ پرویز احمد لون ٬ عرفان احمد لون ٬ محمد عامر لون اورہمایوں لون شامل ہیں۔

گرفتار ہونے والے دیگر افراد میںفردوس احمد خان ٬ علی محمد بیگ ٬ محمد مقبول بیگ ٬ خضر محمد بیگ ٬ منظور احمد بیگ ٬ فردوس احمد راتھر ٬ الطاف احمد راتھر ٬ جاوید احمد خواجہ ٬ بشیر احمد لون ٬ دانش حبیب ٬ بشیر احمد لون ٬ مشتاق احمد خواجہ ٬ طارق احمد خواجہ ٬ عبدالرشید خواجہ شامل ہیں۔دریں اثناء بھارتی فوج نے بارہمولہ قصبے میں تلاشی اورمحاصرے کی کارروائیوں کے دوران 700مکانوں کی تلاشی لی ۔بھارتی فورسز نے اس دوران 44افراد کو گرفتار کیا ہے۔