برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نوجوانوں نے تحریک آزادی میں لازوال قربانیوں کی داستان رقم کردی ہے٬ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا سیمینار سے خطاب

منگل 18 اکتوبر 2016 17:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء) صدر آزاد جموںوکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نوجوانوں نے تحریک آزادی میں لازوال قربانیوں کی داستان رقم کردی ہے٬ مقبوضہ وادی کے ہر گلی محلے اور قصبوں میں آزادی کا ایک ہی نعرہ گونجتا ہے ٬ آج وہاں کرفیو کا 101 واں دن ہے٬ خوراک اور ادویات کا بحران ہے٬اسکے باوجود وہاں روز ایک ریفرنڈم ہوتا ہے جس کا فیصلہ ہیکہ بھارتی غلامی قبول نہیں ٬حریت پسند قیادت پابند سلاسل ہے٬ سید علی گیلانی ٬ میر واعظ عمر فاروق ٬ یاسین ملک اورشبیرشاہ صعوبتیں براداشت کر رہے ہیں٬ یاسین ملک کو علیل ہونے کے باوجود علاج معالجے کے سہولت نہیں دی جارہی ٬ دنیا میں ہر انقلاب کا ایک رنگ ہوتا ہے اسوقت مقبوضہ جموںوکشمیر میں برپا انقلاب کا رنگ گہرا سبز ہے جو اس بات کی گواہی ہیکہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں ایک کے بغیر دوسرے کا وجود نامکمل ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان آف کینفلیکٹ اینڈ سیکورٹی سڈیڈیز (پکس) کے زیر اہتمام کشمیر اپ رائزنگ کے نام سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سمینار کے دوسرے سیشن سے انسٹی ٹیوٹ کے چئیرمین سابق سنیئٹر اکرم ذکی٬ سابق چیئرمین واپڈا انجنئیر شمس الملک٬ پروفیسر اشرف صراف اور مشعال ملک نے بھی خطاب کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی بدترین صورتحال ٬ قابض بھارتی افواج کے ظلم و ستم٬ وہاں نافذ کلے قوانین ٬ بین الاقوامی سطح پر سفارتی کوششوں اور عالمی برادری کی بے حسی پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں تمام بین الاقوامی قوانین ٬ عالمی اصولوں اور حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔ قابض افواج کالے قوانین کی آڑ میں خود کو کسی قانون کلیے سے ماورا سمجھتیں ہیں ۔ عالمی برادری نے اس حوالے سے دوہرا معیار اپنا رکھا ہے ۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب ششم کو کشمیر کے حوالے سے فعال کیا جا سکتا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی راہداری قائم کی جانی چاہیے اقوام متحدہ کو عالمی تنازعات کے حل اور جنگوں کی روک تھام کیلئے بنیا گیا تھا ۔ لیکن کشمیر کے حوالے سے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری جموں و کشمیر کے اندر سے گزرتی ہے ۔ اسی بات نے ہندوستان کو بے چین کر رکھا ہے ۔ اور وہ پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے ۔

پاکستان کو بین الاقوامی برادری میں تنہا کرنے کی کوششوں میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ وزیراعظم پاکستان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے اثرات سامنے آئے ہیں ۔ جسکی وجہ سے بھارت کو فوری رد عمل ظہار کرنا پڑا وزیر عظم کی طرف سے بھیجے گے ایلچیوں کے بیرونی دوروں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں میں بے انتہا جذبہ موجود ہے ۔

لیکن اس جذبے کو سود مند بنانے کیلئے انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے ۔ تاکہ وہ امریکا٬ برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے مقتدر ایوانوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا سکیں ۔عالمی سائبر سپیس میں جگہ بنائے بغیر بھارت سے سفارتی جنگ نہیں جیتی جا سکتی ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کا سب سے بڑا وکیل ہے ۔ مسلہ کشمیر کی وجہ سے پاکستان کا ایک بازو کٹ گیا٬ اسے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی دھمکیاں دی گئیں لیکن اسکی استقامت میں فرق نہیں آیا ۔ کشمیری اپنی تجاویز ضرور دیں لیکن پاکستان پر تنقید نہ کی جائے ۔ آزاد کشمیر پاکستان کے دفاع کا مضبوط حصار ہے کشمیر کے پہاڑوں سے آنے والے پانی کی وجہ سے پاکستان کے کھیت و کھلیان سر سبز و شاداب ہیں ۔

متعلقہ عنوان :