انسانی حقوق کے چیمپئن یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے پیلٹ گن کے استعمال پرخاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں

بیرسٹر سلطان محمود کی برسلز پارلیمنٹ کے نائب صدر ٬دیگر ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات میں گفتگو

منگل 18 اکتوبر 2016 16:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہالینڈ اور دیگر یورپی ملک انسانی حقوق پر یقین رکھتے ہیں اور اسی لئے وہ اپنامقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم رکوانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ مقبوضہ میں سات لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے جو کسی بھی سویلین آبادی کے تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔

آج مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی جاری لہر کا 101 واں روز ہے کل لائن آف کنٹرول پر بھی فائرنگ ہوئی اس طرح نہ صرف انسانی حقوق بلکہ لائن آف کنٹرول کی بھی خلاف ورزی بھارت جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان اور بھارت دو ایٹمی طاقتیں ہیں اور انہیں انکے حال پر چھوڑ دینا نہ صرف بے حسی بلکہ حقائق سے منہ چرانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہالینڈ کی وزارت خارجہ میں جنوبی ایشیاء امور کے انچارج جورس جیون سے ملاقات میں کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہالینڈ وہ ملک ہے جس نے بھارت کی سیکورٹی کونسل کی مستقل نشست کو بھی مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کر دیا تھااور اب جبکہ حالات مزید سنگین ہو چکے ہیں تو ہالینڈ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے فوری طور پر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔بعد ازاں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ہالینڈ سے بیلجئم کے دارالحکومت برسلز روانہ ہوں گے جہاں پر برسلز ائیرپورٹ پر ان کا شاندار استقبا ل کیا گیا جہاں سے وہ سیدھے برسلز پارلیمنٹ گئے جہاں پر انھوں نے برسلز پارلیمنٹ کے نائب صدر ایمن اوزکارارہ اور دیگر ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کی اس موقع پر برسلز پارلیمنٹ کے ممبران نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی مزمت کی اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے کہنے پر اس چیز پر اتفاق کیا گیا کہ برسلز پارلیمنٹ میں بھی آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔برسلز پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ جبکہ یورپی یونین اور یوپی پارلیمنٹ سے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یہ ظلم کی انتہاء ہے کہ پیلٹ گن کے ذریعے جو کہ شکار کے لئے استعمال کی جاتی ہے اسے استعمال کرکے بچوں کی بینائی چھینی جارہی ہے اور اس پر مزید ستم ظریفی یہ ہے کہ انسانی حقوق کے چیمپئن یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برسلز پارلیمنٹ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی مذمت اور برسلز پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کا قیام ایک اہم پیش رفت قراردیا ہے۔